خلیجی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق، جلد حتمی شکل دی جائے گی، دفتر خارجہ

جمعرات 28 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت پر اتفاق ہوا ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار اور رواں سال کی آخری بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 2023ء میں پاکستان نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ ماحولیات، اعلیٰ تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھا، انسداد دہشت گردی اور انسداد منی لانڈرنگ کے حوالے سے پاکستان نے یورپی یونین و شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جبکہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سے باہمی اور اچھے تعلقات کے لیے بھی کوششیں جاری رکھیں۔

’حافظ سعید کی حوالگی کے مطالبہ پر افواہیں بے بنیاد ہیں‘

انہوں نے کہا کہ بھارت کے حافظ سعید کی حوالگی کے مطالبے پر مبنی رپورٹس محض افواہیں ہیں، دفتر خارجہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا، پاکستان اپنے معاملات کو چلانے اور اپنے عوام کو حقوق کی فراہمی کے حوالے سے مکمل با اختیار ہے، پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ اس کے دوسرے ممالک سے تعلقات کسی کے زیر اثر نہیں، پاکستان کے چین اور امریکا دونوں سے پرانے تعلقات ہیں، پاکستان تمام ممالک بشمول بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے۔

’بی جے پی نے پاک بھارت تعلقات میں پیشرفت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں‘

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ رواں برس پاکستان کے بھارت کے ساتھ تعلقات میں کوئی خصوصی پیش رفت نہ ہو سکی، ہندوتوا سے متاثرہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ان تعلقات میں پیش رفت کے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں پر پابندی کی مذمت کرتا ہے اور زور دیتا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں وہاں سیاسی جماعتوں کو کام کرنے دیا جائے۔

مقبوضہ کشمیر میں مسلم لیگ مسرت عالم گروپ پر پابندی کی مذمت

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی، دختران ملت، جے کے ایل ایف اور جموں و کشمیر فریڈم پارٹی پر پابندیاں عائد کرچکا ہے، اب بھارت نے جموں و کشمیر مسلم لیگ ہر پابندی عائد کی ہے، بھارت کی طرف سے مسلم لیگ مسرت عالم گروپ پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، یہ کشمیر کی پانچویں جماعت ہے جس پر بھارت کی طرف سے پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج گزشتہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر میں عوام پر مظالم میں مصروف ہیں، ان کو اندازہ ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی قبضہ اور بھارتی مظالم کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پونچھ میں بھارتی فوج کے آپریشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی نئی بات نہیں، پاکستان بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔

’پاکستان نے او آئی سی میں فعال کردار ادا کیا‘

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی کانٹیکٹ گروپ برائے کشمیر و فلسطین میں فعال کردار جاری رکھا، او آئی سی کے نمائندہ خصوصی اور برطانوی پارلیمینٹرین کے وفود نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اس سال 6 ہزار سے زیادہ بھارتی شہریوں کو مذہبی مقامات پر رسومات کی ادائیگی کے لیے ویزے جاری کیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سال پاکستان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے آن لائن پاور آف اٹارنی کی تصدیق کا سلسلہ شروع کیا، اس کے علاوہ اکستانی وزارت خارجہ نے خرطوم میں اپنے سفارتی مشن کے ذریعے 1500 پاکستانیوں کو باحفاظت جنگ زدہ علاقے سے نکالا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp