کیا ورزش کے لیے پارک میں جانا یا جم جوائن کرنا ضروری ہے؟

جمعہ 29 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آپ کے جسم اور صحت کے لیے ہر طرح کی ورزش فائدہ مند ہے۔ عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جم یا پارک میں جاکر ورزش کرنے سے ہی آپ اپنی جسمانی صحت بہتر بنا سکتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے، کیونکہ باڈی ویٹ ایکسرسائز (جسم کو حرکت دینے کی ورزش) کے ذریعے بھی آپ کو صحت کے علاوہ دیگر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔

کم دورانیے کی اس ورزش سے آپ اپنا قیمتی وقت بچا سکتے ہیں، اگر آپ کے پاس ایکسرسائز مشینیں یا آلات نہیں یا گھر کے قریب پارک موجود نہیں تو آپ اپنے کمرے میں رہتے ہوئے بھی جم یا پارک میں کی جانے والی ورزش کے تمام تر فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

کبھی بھی، کہیں بھی

آپ یہ ورزش کہیں بھی اور کسی بھی وقت کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے کمرے اور  دفتر میں ہی نہیں بلکہ باورچی خانے میں کوکنگ کرتے یا پانی ابالتے ہوئے بھی کرسکتے ہیں۔

صحت اور بچت

باڈی ویٹ ایکسرسائز کے لیے آپ کو کوئی خاص اہتمام کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس کے لیے آپ کو الگ سے خصوصی لباس، چٹائی، کرسی، بینچ، کاؤنٹرز اور مشینیں وغیرہ خریدنے کی بھی ضرورت نہیں۔ ان میں سے بہت سی اشیا ہیں جو آپ کے پاس موجود ہیں جنہیں آپ اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کرسکتے ہیں البتہ اگر آپ کے پاس ورزش کے جوتے نہیں تو وہ آپ کو خریدنا ہوں گے۔

آسان ہے

آپ باڈی ویٹ ایکسرسائز اکیلے بھی کرسکتے ہیں۔ آپ کو پیچیدہ ورزشوں اور وزن اٹھانے کے لیے جم میں جانے کی ضرورت نہیں جس میں ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے باوجود آپ اپنی فٹنس سے مطمئن نہیں ہوتے۔

بہتر ہے

تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اپنے جسم کو وزن کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ورزش کرنے سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔ اس کو مزاحمتی تربیت کی ایک شکل بھی کہا جاسکتا ہے۔ پولش محققین نے نوجوان خواتین کے ایک چھوٹے سے گروپ میں جسمانی فٹنس کے مختلف پہلوؤں پر 10 ہفتے کی باڈی ویٹ ایکسرسائز کے اثرات کو دیکھا تو انہیں 9 میں سے 7 پہلوؤں میں بہتری نظر آئی۔

تھکاوٹ نہیں

اگرچہ جسمانی سرگرمی کے رہنما اصولوں کو پورا کرنا اچھی بات ہے لیکن باڈی ویٹ ایکسرسائز کی معمولی اور کم دورانیے کی مشقیں بھی ویسے ہی  نتائج فراہم کرسکتی ہے۔ جاپانی محققین نے 60 سے 70 سال کی عمر کے افراد کے گروپ پر تحقیق کی اور پایا کہ جسم کے نچلے حصے کی 8 سادہ ورزشوں نے 10 ماہ کے بعد ورزش کرنیوالوں کی پٹھوں کی طاقت میں تقریباً 15 فیصد اضافہ کیا، جبکہ باڈی ویٹ ایکسرسائز کے ذریعے ان شرکا نے صرف ایک مہینے میں 6 ورزشیں کرکے یہی نتائج حاصل کرلیے تھے۔

موثر ہے

آپ جم میں ڈمبل یا وزن اٹھا کر جسم کے مخصوص پٹھوں کو بہتر کرنے کی مشق کرتے ہیں مگر باڈی ویٹ ایکسرسائز میں الگ تھلگ یا خاص پٹھوں کی ورزش کے بجائے متعدد عضلات کی ورزش ایک ساتھ ہوتی ہے۔ اس لیے اس ورزش کو زیادہ موثر سمجھا جاتا ہے کیونکہ ان مشقوں کے ذریعے آپ ایک وقت میں زیادہ پٹھوں اور جوڑوں کا استعمال کرسکتے ہیں۔

مرضی کا فٹنس لیول

باڈی ویٹ ایکسرسائز میں آپ اپنے جسم کو وزن کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، یہ ضروری نہیں کہ آپ کو اس میں ویسے ہی نتائج ملیں جو آپ کو جم میں ملتے ہیں لیکن آپ اپنی مشقوں میں ترمیم کرکے ویسے ہی نتائج حاصل کرسکتے ہیں، مثلاً آپ اپنے جسم کی پوزیشن کو ایڈجسٹ کرنا، دیوار کے ساتھ پش اپس کرنے کے بجائے فرش پر پش اپ کرنا اور ان کی تعداد میں اضافہ کرنا۔

فائدے کی بات

ہزاروں مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ جتنا زیادہ حرکت کریں گے، آپ میں ذیابیطس، موٹاپا، متعدد قسم کے کینسر، جوڑوں کے درد اور الزائمر اور دل کی بیماریوں کے خطرات اتنے ہی کم ہوں گے۔ ورزش آپ کے موڈ اور نیند کو بہتر کرتی ہے اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp