بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ عوام کو حق دیا جائے کہ وہ پرامن جمہوری طریقے سے اپنے من پسند نمائندوں کا چناؤ کریں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا، یہ ملک کی بدقسمتی رہی ہے کہ جمہوری اداروں کو مضبوط اور جمہوریت کو استحکام پہنچانے کے بجائے یہاں پر غیر جمہوری قوتوں نے جمہوریت کی بساط کو ہمیشہ لپیٹنے کی کوشش کی، اس جمہوری بساط کو لپیٹنے میں غیر جمہوری قوتیں کامیاب بھی رہی ہیں۔
اختر مینگل نے کہا کہ یہ بھی ایک تاریخی حقیقت ہے کہ غیرجمہوری قوتوں کے غیر آئینی اور غیرجمہوری اقدام میں کامیابی میں سیاسی جماعتوں کا بھی اہم کردار رہا ہے، جنہوں نے اقتدار کے حصول کے لیے غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر چڑھ کر اپنے ہی بنائے ہوئے جمہوری اصول پامال کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے الیکشن کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور عوام کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنے نمائندے کا انتخاب کریں، چاہے کوئی امیدوار کسی سیاسی جماعت سے ہو یا آزاد حیثیت سے، عوام اس کا چناؤ کریں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ خضدار سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 سے اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔اسی طرح بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 20 خضدار سے بھی اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے ہیں۔