نااہلی کی مدت تاحیات یا 5 سال؟ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل

پیر 1 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

13 اپریل 2018 کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کا تعین کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ یہ نااہلی تاحیات ہوگی جبکہ اس وقت بینچ کے سربراہ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ قوم اچھے کردار کے مالک قائدین کی مستحق ہے۔ مذکورہ فیصلہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کے تناظر میں کیا گیا تھا۔

11  دسمبر 2023 کو سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے امام قیصرانی بنام میر بادشاہ قیصرانی انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کے دوران تاحیات نااہلی کی مدت کے تعین کے لیے نوٹس لے کر معاملہ لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کے لیے ججز کمیٹی کو بھیج دیاہے جس کی سماعت منگل کو ہونے جا رہی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ کل نااہلی مدت کے تعین کے لیے مقدمے کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل ہیں۔

آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عوامی عہدے کے لیے امیدوار کا صادق اور امین ہونا ضروری ہے۔ عدالت سے سزا یافتہ شخص انتخابات میں حصہ لینے یا عوامی عہدے کا اہل نہیں۔ 13 اپریل 2018 کو سپریم کورٹ نے اس نااہلی کی مدت کا تعین کیا تھا جبکہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے نااہلی کی مدت 5 سال کر دی تھی

سپریم کورٹ نے 11 دسمبر کو تاحیات نااہلی کے معاملہ پر عدالتی فیصلے اور الیکشن ایکٹ کی ترمیم میں تضاد پر نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اور  تمام صوبائی ایڈوکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیے تھے اور کہا تھا کہ موجودہ کیس کو انتخابات میں تاخیر کے آلہ کار کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکمنامے میں کہا تھا کہ سابق ارکان اسمبلی کی نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کیے جائیں گے تاکہ اس کیس کے زیر التوا ہونے کے عذر کو الیکشن میں تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے۔

27  دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر ایک درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چونکہ توشہ خانہ مقدمے میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل ہے لہٰذا ان کی سزا اور نااہلی بھی معطل کی جائے جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ ’نااہلی سے متعلق فیصلہ معطل ہونے سے سزا معطل نہیں ہوتی، ہمارے سامنے درخواست ہے کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل ہوا تو سزا بھی ختم ہو، فیصلہ معطل ہونے سے سزا ختم ہونے کی کوئی عدالتی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہے‘۔

28 جولائی 2017 کو پاناما مقدمے کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عوامی عہدے کے لیے تاحیات نااہل قرار دیا تھا اور اس کے بعد 5 دسمبر 2017 کو پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو بھی تاحیات نااہل قرار دیا گیا تھا۔

اسی طرح سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کو گزشتہ سال الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں ڈی سیٹ کیا اور پھر اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے اسی مقدمے میں ان کو 3 سال سزا کے بعد، 5 سال کے نااہل کیا تھا۔

 11 دسمبر کو سپریم کورٹ میں ہوئی سماعت کے دوران درخواست گزار میر بادشاہ قیصرانی کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ جعلی ڈگری کی بنیاد پر 2007 میں ان کے مؤکل کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا گیا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی کی سزا ختم ہو جائے تو تاحیات نااہلی کیسے برقرار رہ سکتی ہے، سپریم کورٹ کی تاحیات نااہلی کے معاملے پر دو آرا ہیں، نیب کیسز میں اگر تاحیات نااہلی کی سخت سزا ہے تو قتل کی صورت میں کتنی نااہلی ہوگی؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ قتل کے جرم میں سیاست دان کی نااہلی 5 سال کی ہوگی۔

اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بچے کے ساتھ زیادتی جیسے سنگین جرم کی سزا بھی 5 سال نااہلی ہے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا تھا کہ جو کوئی اس مقدمے میں فریق بننا چاہتا ہے وہ عدالت میں درخواست دائر کر سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب حکومت اور تعلیم کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق

وسط ایشیائی ریاستوں نے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، وزیراعظم پاکستان

حکومت کا بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے والے 2 ہزار سے زیادہ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ

کوپا امریکا کا بڑا اپ سیٹ، یوراگوئے نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر بھارتی کپتان روہت شرما کیا ون ڈے اور ٹیسٹ کے کپتان برقرار رہیں گے؟

ویڈیو

پنک بس سروس: اسلام آباد کی ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے لیے خوشخبری

کنوؤں اور کوئلہ کانوں میں پھنسے افراد کا سراغ لگانے کے لیے مقامی شخص کی کیمرا ڈیوائس کتنی کارگر؟

سندھ میں بہترین کام، چچا بھتیجی فیل، نصرت جاوید کا تجزیہ

کالم / تجزیہ

روس کو پاکستان سے سچا پیار ہوگیا ہے؟

مریم کیا کرے؟

4 جولائی: جب نواز شریف نے پاکستان کو ایک تباہ کن جنگ سے بچا لیا