ن لیگ کا اعلیٰ سطح اجلاس: متنازع حلقوں میں ٹکٹ تقسیم کرنے کی حکمت عملی طے

منگل 2 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے حتمی مشاورت کی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھجوائی گئی سفارشات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ’ایک سے زیادہ مضبوط لیگی امیدواروں والے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقیسم کے تنازعات پر بھی غور کیا گیا‘۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این اے 121 سمیت پنجاب کے دیگر متنازع حلقوں میں ٹکٹ کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔ متنازع حلقوں کے سینیئر رہنماؤں سے نواز شریف خود ملاقات کر کے اعتماد میں لیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت مزید کچھ دن مشاورتی ملاقاتیں جاری رکھے گی۔

اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر بھی مزید مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف، چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ اور دیگر شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے الیکشن سیل کے چیئرمین اسحاق ڈار اور مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp