ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اچانک اضافہ کیوں؟

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں سردی اپنے جوبن پر ہے۔ موسم سرما میں ہمیشہ کی طرح اس سال بھی گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے لیکن ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔

شہریوں کے مطابق تقریباً 7 گھنٹے کی گیس لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں بعض جگہوں پر بجلی بھی ہر ایک گھنٹے بعد جا رہی ہے، یوں بعض جگہوں پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تقریباً 12 گھنٹوں کی ہو رہی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ گرمیوں میں بجلی کی طلب بڑھ جانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ جاتی ہے۔ مگر موسم سرما میں بجلی کی طلب کم ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

اس حوالے سے وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ چونکہ اب سسٹم میں جو خرابی تھی اس سے فوری طور پر نمٹا جا چکا ہے، اس لیے اب یقینی طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔

گدو بریکر کی تبدیلی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، ترجمان این ٹی ڈی سی

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ  ٹیکنیکل ٹیموں نے 500 کے وی گدو سوئچ یارڈ کے متاثرہ سرکٹ بریکر کی تبدیلی کا کام مکمل کرلیا ہے۔ این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کی ہدایت پر متاثرہ سرکٹ بریکر کی تبدیلی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے این ٹی ڈی سی کا اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا۔ این ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے 500 کے وی گدو- مظفرگڑھ ٹرانسمیشن لائن کو بھی کامیابی سے انرجائز کردیا ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی نے مزید کہا کہا ہے کہ شدید دھند کے باعث گدو میں این ٹی ڈی سی کی 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ ہوئیں جس کے نتیجے میں سوئچ یارڈ کے 500 کے وی سرکٹ بریکر کا ایک پول بھی متاثر ہوا تاہم، این ٹی ڈی سی ٹیم نے فوری طور پر متاثرہ پول کو سوئچ یارڈ سے الگ کردیا تھا جبکہ سوئچ یارڈ کے دیگر 2 سرکٹ بریکرز فعال رہے۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے این ٹی ڈی سی کے ویئر ہاؤس میں ایک اضافی سرکٹ بریکر دستیاب تھا جسے فوری طور پر استعمال میں لایا گیا۔

دریائی بہاؤ میں کمی بجلی پیداوار کو متاثر کرتی ہے، آئیسکو

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ڈائریکٹر پی آر عاصم ناظر راجا نے کہاکہ اس وقت سندھ کے علاقے جام شورو اور اطراف میں دھند بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے این ٹی ڈی سی کی مین لائنز ٹرپ ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے پاور پلانٹس ٹرپ ہو رہے ہیں، جو بجلی کی پیداوار میں کمی کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی دوسری وجہ دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہونا ہے۔ ان ایشوز کی وجہ سے سپلائی اور ڈیمانڈ میں کافی زیادہ فرق آ چکا ہے۔

’ آئیسکو کو اس وقت 200 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ اور ابھی 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لیکن ہمارا مینٹیننس سسٹم جونہی بہتر ہوگا بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہو جائے گی‘۔

گدو کے قریب این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرنے سے نقصان ہوا، وزارت توانائی

وزارت توانائی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ شدید دھند کے باعث گدو کے قریب این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئیں جس کے باعث 550 اور 220 کے وی کی لائنوں کو نقصان پہنچا جبکہ ٹرپنگ سے 500 کے وی کے سرکٹ بریکر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھند کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پاور ڈویژن

اس سے قبل پاور ڈویژن نے بیان جاری کیا تھا کہ حالیہ لوڈ شیڈنگ 25 اور 26 دسمبر کو ملتان ریجن اور دیگر ڈسکوز کے متعدد گرڈ اسٹیشنوں کے ٹرپ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

پاور ڈویژن نے کہا تھا کہ دھند کے باعث 132kv، 220kv اور 500kv کے گرڈ اسٹیشنز ٹرپ کر گئے۔ اسی دوران ہائیڈل جنریشن میں کمی آئی جس سے نظام میں توازن پیدا کرنے میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔

کنال کلوثر کی وجہ سے ہائیڈل کا شارٹ فال تقریباً 1600 میگا واٹ ہے

پاور ڈویژن کے مطابق این ٹی ڈی سی سسٹم کو ان موسمی حالات اور کم ہائیڈل جنریشن کی وجہ سے ایک مشکل وقت کا سامنا ہے۔ نظام کو کام کرتے رہنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے پیداوار میں موجودہ کمی سے نمٹا جا رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہائیڈل کا شارٹ فال تقریباً 1600 میگا واٹ ہے اور LNG کی کم دستیابی کی وجہ سے 700 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن اس شارٹ فال کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور ایل این جی کی کمی سے نمٹنے کے لیے فرنس آئل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ لوڈشیڈنگ سسٹم کی رکاوٹوں کی وجہ سے ہوئی اور سسٹم کو سنبھالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp