پشاور ہائیکورٹ نے زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی اور سی سی پی او پشاور کو طلب کر لیا۔

چیف جسٹس نے کہاکہ کیا اگر میں نہ آتا تو ایک عورت کو رات ہائیکورٹ میں گزارنا پڑتی۔ انہوں نے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زرتاج گل کی گرفتاری سے روک دیا۔

زرتاج گل آج ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچیں اور جب پولیس کو خبر ہوئی تو عدالت العالیہ کے باہر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ  پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

زرتاج گل 9 مئی واقعات کی معافی مانگتے ہوئے رو پڑیں

قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیئر رہنما زرتاج گل 9 مئی واقعات کی مانگتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہاکہ میں ایک شہید کی بہن ہوں ہم کیسے شہدا کی بے حرمتی کر سکتے ہیں۔ پاک فوج ہماری محافظ ہے۔

انہوں نے کہاکہ میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں اس لیے ہائیکورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے آئی ہوں، جب تک ضمانت نہیں ملتی یہاں سے نہیں جاؤں گی۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا اور اس دوران فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں لائی تھیں۔

اس کے علاوہ کچھ اہم رہنما 9 مئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدہ بھی ہو گئے تھے تھے جن میں پرویز خٹک، فواد چوہدری، عامر محمود کیانی اور دیگر شامل ہیں۔

اس وقت تحریک انصاف کے اہم رہنما روپوش ہیں اور زرتاج گل آج ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آئیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے جن میں زرتاج گل بھی شامل ہیں۔

زرتاج گل اور ان کے شوہر وکیلوں کے روپ میں ہائیکورٹ پہنچے، غریدہ فاروقی

دوسری جانب سینیئر اینکرپرسن غریدہ فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ زرتاج گل اور ان کے شوہر وکیلوں کے روپ میں چھپ کر پشاور ہائیکورٹ پہنچے ہیں۔

غریدہ فاروقی نے کہاکہ زرتاج گل اشتہاری مجرم ہیں، پشاور ہائیکورٹ کو چاہیے کہ وہ انصاف کا ساتھ دے تحریک انصاف کا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp