آئندہ عام انتخابات 2024 کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ مکمل ہو گیا جن کی سماعت 10 جنوری تک جاری رہے گی۔ ان اپیلوں کی سماعت کے لیے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25 سے 30 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔
مزید پڑھیں
قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر کل 25 ہزار 951 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 22 ہزار 711 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں کے لیے 3 جنوری آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 16 جنوری تک جبکہ اپیلیٹ ٹربیونلز کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ19 جنوری کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 20 جنوری کو جبکہ کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لیے جاسکیں گے۔ امیدواروں کی فہرست 23 جنوری کو جاری کی جائے گی۔
جنرل نشستوں پر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لیے جا سکیں گے۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔