الیکشن ٹریبونل نے شیخ رشید کو 2 حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی

جمعرات 4 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن ٹریبونل نے عوامی  مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں،اب  این اے 56 اور این اے  57 سے شیخ رشید الیکشن لڑ سکیں گے۔

الیکشن ٹریبونل راولپنڈی میں جسٹس مرزا وقاص رؤف نے عوامی  مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی حلقہ این اے 56 اور این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

الیکشن ٹربیونل نے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے اعتراض کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

جسٹس وقاص مرزا نے آر او کا فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، شیخ رشید

اپنے حق میں فیصلہ آنے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہیں نااہل قرار دلوا کر حلقہ این اے 56 اور این اے 57 سے باہر کرنے کی سازش کی گئی تھی جو ناکام ہوگئی ہے، جسٹس مرزا وقاص رؤف نے یہ سازش ردی کی ٹوکری میں پھینک دی ہے۔

 

شیخ رشید نے کہا کہ ’میں خاندانی ہوں، نسلی اور اصلی ہوں، میں نے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا نہ سازش کی۔‘

عمران خان کی اپیلوں پر سماعت 7 جنوری کو ہوگی

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں قائم الیکشن ٹریبونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف بھی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔

ٹریبونل نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7 جنوری کے لیے مقرر کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp