امریکی ریاست ورجینیا میں فلسطین کے حامی کارکنوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی گاڑی کے آگے سرخ رنگ پھینک دیا، اور ’تمہیں شرم آنی چاہیے‘ کے نعرے لگائے۔
کارکنان جمعرات کو ورجینیا میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کے گھر کے سامنے جمع ہوئے اور غزہ پر امریکی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا۔
فلسطین کے حامی کارکنوں کے گروپ نے ‘شیم آن یو’ کے نعرے لگائے جب انہوں نے میک لین میں سڑکوں پر اور بلنکن کی گاڑی پر سرخ رنگ (جعلی خون) پھینکا۔ فلسطین کے حامی مظاہرین نے سرخ رنگ سے بھرے ہوئے کینز پکڑے ہوئے تھے۔ جب امریکی وزیر خارجہ کی گاڑی سڑک پر آئی تو مظاہرین نے سرخ رنگ سے بھرے کینز انڈیلنا شروع کردیے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے احتجاج کرنے والے ایک کسی ایک خاتون کو بھی نہیں روکا، سب خواتین نعرے لگاتی رہیں اور بلنکن کی گاڑی کے سامنے سرخ رنگ پھینکتی رہیں۔ حتیٰ کہ ایک خاتون نے پورا کین گاڑی پر پھینک دیا۔ اس پر بھی پولیس اہلکاروں نے اس خاتون پر تشدد کیا، نہ گرفتار کیا۔
مظاہرین نے ‘غزہ میں ہلاکتیں بند کرو’ اور ‘جنگی مجرم’ کے نعرے بھی لگائے۔
امریکی ریاست ورجینیا میں فلسطینی حامی کارکنوں نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کی گاڑی کے آگے سرخ رنگ پھینک دیا، اور ‘شیم آن یو’ کے نعرے لگائے۔ pic.twitter.com/7mBA6Jzqcx
— RTEUrdu (@RTEUrdu) January 5, 2024
7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے سرحد پار سے حملے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر مسلسل فضائی اور زمینی حملے شروع کر رکھے ہیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس کے بعد سے اب تک کم از کم 22,438 فلسطینی جاں بحق اور 57,614 دیگر زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ خیال کیا جاتا ہے کہ حماس کے حملے میں تقریباً 1,200 اسرائیلی فوجی و دیگر افراد مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں نے غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، غزہ کی پٹی کا 60 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے اور تقریباً 2 ملین لوگ خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کا شکار ہیں اور بے گھر ہو گئے ہیں۔