شاہ محمود قریشی سمیت اہم پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور

جمعہ 5 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی اور ان کے بیٹے زین قریشی سمیت اہم پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کو الیکشن ٹریبونلز سے بڑا ریلیف ملا گیا ہے۔ سندھ کے الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو این اے 214 تھرپارکر سے الیکش لڑنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ زین قریشی کے بھی این اے 214 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

ریٹرننگ افسر نے واجبات سے متعلق سند پیش نہ کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات مسترد کیے تھے۔ الیکشن ٹریبونل نے این اے 238 سے حلیم عادل شیخ کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو این اے 241 سے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت مل گئی ہے۔ این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد کی اپیل بھی منظور ہوگئی ہے، ٹریبونل  نے ارسلان خالد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ۔

خیبرپختونخوا میں بھی الیکشن ٹریبونل نے مختلف پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔ پشاور میں الیکشن ٹربیونل کےجج جسٹس شکیل احمد نے پی ٹی آئی کے سابق وزیر عاطف خان کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا اور ان کے کاغذات نامزدگی منطور کرلیے۔

راولپنڈی میں اپیلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے این اے 55، پی پی 15 سے سابق وزیر راجہ بشارت کی اپیل پر انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

اٹک کے حلقہ این اے 50 سے زلفی بخاری اور تحریک انصاف کے پی پی 15 سے سابق ایم پی اے عمرتنویربٹ کی اپیل بھی منظور کرلی گئی۔ لاہور میں اپیلٹ ٹربیونل کے جج اسجد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا کی اپیل پر سماعت کی اور ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر نعیم پنجوتھا کے کاغذات منظور کرلیے۔

دوسری جانب اپیلٹ ٹربیونل نے پی پی 19 سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے عارف عباسی کو اشتہاری ہونے کی بنیاد پر ان کی اپیل مسترد کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp