’لڑکیاں جنسی خواہشات پر قابو پائیں‘ کولکتہ ہائیکورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ کا اظہار ناپسندیدگی

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی سپریم کورٹ نے کولکتہ ہائیکورٹ کی طرف سے نوعمر لڑکیوں کو اپنی جنسی خواہشات پر قابو پانے کی تجویز دینے کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز کو اس طرح کی ہدایات نہیں دینی چاہیئں۔

بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کولکتہ ہائیکورٹ کی جانب سے زیادتی (ریپ) کے مقدمے میں ایک لڑکے کو بری کرنے کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ کولکتہ ہائیکورٹ نے اکتوبر 2023 میں نوجوان لڑکے کو بری کردیا تھا جبکہ ریاست بنگال کی سیشن کورٹ نے لڑکے کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔

ملزم نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور کولکتہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں لڑکے کو بری کردیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں کو ہدایات اور تجاویز بھی دی تھیں۔ ہائیکورٹ نے تجاویز میں کہا تھا کہ لڑکوں کو خواتین یا لڑکیوں کی عزت کرنی چاہیے، وہ اپنے دماغ کی تربیت کریں، وہ لڑکیوں کو نہ چھیڑیں، انہیں تنگ نہ کریں۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں لڑکیوں کو تجاویز دی تھیں کہ وہ اپنی جنسی خواہشات پر قابو رکھیں، بلوغت کو پہنچنے والی لڑکیوں کو 2 منٹ کا جنسی لطف لینے کے بجائے اپنی جنسی خواہشوں پر قابو رکھنا چاہیے۔ یہ نہ صرف غلط ہے بلکہ نئے مسئلے پیدا کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ کیس کے ملزم لڑکے اور اس پر الزام لگانے والی لڑکی کے درمیان رومانوی تعلقات تھے، اس دوران لڑکے نے ریپ کر دیا تھا۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کولکتہ ہائیکورٹ کے فیصلے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ ماہ دسمبر کے اوائل میں حکومت بنگال کو نوٹس بھیجا تھا کہ اس نے مذکورہ فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی یا نہیں؟ کیس کی سماعت کے دوران اعلیٰ عدالت نے ہائیکورٹ کے ججز کی رائے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ججز کو مذکورہ حساس معاملات پر اپنی رائے دینے اور تبلیغ کرنے سے گریز کرنا چاہیے، ججز کو قانونی اور شواہد کے مطابق فیصلے دینے چاہیے۔ کولکتہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی ہر سطر میں نامناسب اور غلط الفاظ اور تجاویز شامل ہیں۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت 12 جنوری کو ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp