پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے مختلف اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ مختلف اضلاع کے 14 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پشاور کے 3، حیدر آباد کے 2 اور کراچی شرقی کے 2 نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی وسطی، کیماڑی اور غربی سے ایک ایک نمونے میں وائرس پایا گیا جب کہ سکھر، کوئٹہ، کوہاٹ اور اسلام آباد کے بھی ایک ایک نمونے میں وائرس رپورٹ ہوا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق تمام نمونوں میں پایا جانے والا پولیو وائرس سرحد پار سے آیا ہے، صرف پولیو ویکسینیشن کے ذریعے ہی بچوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ وزارت صحت نے ہدایت جاری کی ہے کہ والدین 5 سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں۔