پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز میں کون کون سے کھلاڑی شامل ہیں

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز 12 جنوری سے آکلینڈ کے اسٹیڈیم ایڈن پارک میں شروع ہوگی، دوسرا میچ 14 جنوری کو ہیملٹن، تیسرا میچ 17 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا میچ 19 جنوری اور پانچواں میچ 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

شاہین شاہ آفریدی پہلی بار پاکستانی اسکواڈ کی قیادت کریں گے، یہ سیریز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا آغاز فراہم کرے گی، جو جون 2024 میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے فوراً بعد کھلاڑی نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے، اسکواڈ کے کچھ ارکان پاکستان سے روانہ ہو چکے ہیں جن میں عباس آفریدی، اعظم خان، فخر زمان، حسیب اللہ خان، افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔  جبکہ وہ کھلاڑی جو اس وقت ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا میں ہی موجود ہیں، 8 جنوری 2024 کو ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔

نیوزی لینڈ میں پچز کے حالات کو دیکھتے ہوئے، پاکستان کی جانب سے 6 تیز گیند بازوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا، جن میں عامر جمال، زمان خان، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، عباس آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

نسیم شاہ، احسان اللہ اور شاداب خان انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ شان مسعود، محمد حارث اور فہیم اشرف، جو گزشتہ دو طرفہ سیریز کے دوران پاکستان کے اسکواڈ کا حصہ تھے، دورے سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ محمد نواز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی جانب سے مکمل سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ نے اسکواڈ میں کس کس کو شامل کیا؟

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری اور کونوے پانچوں ٹی 20 میچز کا حصہ ہوں گے، لوکی فرگوسن صرف آخری 3 میچوں کے لیے آئیں گے جبکہ کین ولیمسن تیسرے ٹی 20 سے محروم ہوں گے۔ میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن اپنی اپنی انجری سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ کین ولیمسن اور ڈیون کونوے بھی وقفے کے بعد ٹیم واپس لوٹے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کے لیے مکمل اور جامع اسکواڈ نامزد کیا ہے، میٹ ہنری پونے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ کے مقابلے کے دوران دائیں ہیمسٹرنگ میں زخمی ہونے کے بعد 2 ماہ کے لیے باہر رہے تھے۔ وہ اگلے ہفتے آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے 13 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

لوکی فرگوسن، جو ورلڈ کپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، کو آخری تین ٹی 20 کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ فرگوسن نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں شامل ہونے سے پہلے اگلے 2 ہفتوں میں 3 سپر سمیش گیمز کے لیے آکلینڈ کے لیے میدان میں اتریں گے۔ فاسٹ بولر بین سیئرز کو پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ مینجمنٹ کی جانب سے راچن رویندرا کو آرام دیا جا رہا ہے، وہ گزشتہ 5 مہینوں میں 5 ممالک میں کھیل چکے ہیں۔ رویندرا ورلڈ کپ میں چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور بعد میں انہیں چنائے سپر کنگ نے آئی پی ایل نیلامی میں 1 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپوں میں خریدا ہے۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ڈیون کونوے (وکٹ کیپر)، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ایڈم ملنے، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، بین سیئرز، لوکی فرگوسن شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp