ٹی ٹوئنٹی سیریز: شدید بارش کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا میچ منسوخ کر دیا گیا

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ٹی۔20 میچوں کو سیریز کا پہلا میچ شدید بارش کی وجہ سے 3 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد شروع ہوا لیکن پھر بارش شروع ہونے کے باعث دونوں امپائرز نے میچ کو منسوخ کر دیا۔

میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھاجو بعد ازاں 10 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوا تاہم شدید بارش کے باعث پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے میچ میں صرف ایک اوورز کا کھیل ہی مکمل ہو سکا تھا کہ پھر بارش شروع ہو گئی ۔

تاخیر کے باعث اب یہ میچ 20 اوورز کی بجائے 5 اوورز تک محدود کر دیا گیا لیکن 5 اوورز میں بھی محض ایک اوورز کا کھیل ہی مکمل ہو سکا تھا کہ پھر بارش شروع ہو گئی، جس پر دونوں امپائرز نے باہمی مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ قرار دے دیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کی پہلی وکٹ 2 کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔

اس سے قبل بارش کی وجہ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ  کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے ٹاس آدھا گھنٹا تاخیر کا شکار ہوا۔ تاہم دوبارہ بارش شروع ہو جانے کے باعث بیٹنگ کا آغاز بھی نہیں ہوسکا۔ 3 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد میچ 10 بج 15 منٹ پر شروع ہوا تو محض ایک ہی اوور کا کھیل مکمل ہو سکاتھا کہ پھر سے بارش شروع ہو گئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں 18 سے 21 اپریل تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 میچز کھیلے جانے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp