سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے استعفیٰ کیوں دیا؟

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، تاہم چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تاحال ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے طبیعت ناسازی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید شدید علیل ہوگئے ہیں، علالت کے باعث انہوں نے کام کرنے سے معذرت کرلی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھا کہ الیکشن قریب ہیں اور بیماری کے باعث الیکشن کا کام متاثر ہو سکتا ہے۔

عمر حمید نے کہا کہ میرے مستعفی ہونے کے بعد کسی کو سیکرٹری الیکشن کمیشن تعینات کیا جائے تاکہ انتخابات بغیر کسی تعطل کے ہونے چاہیے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو اپنا بہترین علاج کرانے کا مشورہ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ مکمل ریسٹ کریں اور مکمل صحت یابی تک علاج کروائیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تاحال تحریری استعفیٰ نہیں بھجوایا۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید کی 2 سالہ مدت ملازمت گزشتہ برس جولائی میں ختم ہوئی تھی تاہم چیف الیکشن کمشنر نے ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور اس وقت کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد درخواستوں پر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا موقف

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیکرٹری عمر حمید نے استعفیٰ نہیں دیا، بلکہ وہ بیمار ہیں، اس سے پہلے بھی وہ بیماری کی وجہ سے بیڈ ریسٹ پر تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ سیکرٹری عمر حمید جیسے ہی صحت یاب ہوں گے تو وہ پہلے کی طرح اپنے فرائض منصبی بخوبی سرانجام دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp