پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم JN-1 کے 4کیس رپورٹ

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی نئی قسم JN-1 کے پھیلاؤ کے حوالے جاری وارننگ کو 15 روز بھی نہیں ہوئے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم JN-1 کے 4کیس سامنے آگئے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس کی ایک نئی قسم JN-1 ، جو اومیکرون کا ذیلی وائرس ہے، کے 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق تمام متاثرہ افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں، تاہم چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو جائیں گے۔

اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ بیماریوں کی نگرانی کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل مستعد اور فعال ہیں۔انٹرنیشنل ایئرپورٹس تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکریننگ کا مؤثر نظام موجود ہے۔

وفاق اور صوبے  مکمل طور پر الرٹ ہیں، نگراں وزیر صحت

ڈاکٹر ندیم جان کے مطابق  بارڈر ہیلتھ سروسز کا ادارہ  انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ وفاق اور صوبے  مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان  کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 90 فی صد اہل آبادی کو  پہلے سے  ویکسین لگ چکی ہے۔ شہری سردیوں میں کووڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کورونا کی ٹیسٹنگ

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے ایک سرکاری مراسلے میں سیکریٹری برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے بارے میں جاننے کے لیے اس بات پر زور دیا تھا کہ ’ہمھیں کورونا کی ٹیسٹنگ ایک بار پھر تیزی سے کرنا ہو گی تاکہ اس وائرس کی نئی قسم کی شدت کا اندازہ لگانے اور اس کی منتقلی کو روکنے میں مدد مل سکے۔‘

یہ مراسلہ اس وقت جاری کیا گیا جب ایک بار پھر کووڈ 19 کیسز میں اضافے کے خدشے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp