مالدیپ میں وزراء کو بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف بیان دینا بھاری پڑگیا

پیر 8 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے تین نائب وزراء کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ’تضحیک آمیز ریمارکس‘ پر معطل کر دیا ہے۔

ستمبر کے انتخابات میں جزیرے سے نیول ایئر کرافٹ چلانے والے بھارتی فوجیوں کے ایک چھوٹے دستے کو ہٹانے سمیت اپنے بھارت مخالف وعدوں پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے محمد معیزو نے نائب وزراء، ملشا شریف، عبداللہ محزون اور مریم شیونا کو تحقیقات تک کام کرنے سے روک دیا ہے۔

معطل ہونیوالے وزارت امور نوجوانان کے تینوں وزراء نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ مریم شیونا نے وزیر اعظم کے ہندوستانی علاقے لکشادویپ کے دورے کے بعد مودی کو ’مسخرہ‘ تک کہہ دیا تھا۔

مالدیپ کی وزارت خارجہ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مالدیپ کی حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر ملکی رہنماؤں اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس سے آگاہ ہے، یہ آراء ذاتی ہیں اور مالدیپ کی حکومت کے خیالات کی نمائندگی نہیں کرتی ہیں۔

ایک سینئر انتظامی اہلکار نے دعویٰ کیا کہ صدر محمد معیزو نے تینوں وزراء کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے، مالدیپ، جہاں سیاحت ملکی معیشت کا تقریباً ایک تہائی حصہ گردانا جاتا ہے، ان بیانات کے اثرات کے بارے میں فکر مند تھا کیونکہ مالدیپ میں غیر ملکی سیاحوں کا ایک بڑا حصہ ہندوستان سے تعلق رکھتا ہے۔

4 جنوری کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر مالدیپ کے شمال میں تقریباً 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہندوستان کے لکشادیپ جزیروں کے قدیم ساحلوں کی تعریف کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی، وزیر اعظم مودی نے اسنورکلنگ کرتے ہوئے اپنی تصاویر بھی پوسٹ کیں اور تجویز پیش کی کہ ان جزیروں کو کسی بھی ایڈونچر کی تلاش میں آنے والے سیاحوں کی فہرست میں شامل ہونا چاہیے۔

اپنے پرسکون ریزورٹس کے ساتھ تعطیلات کے دوران مہنگی منزل کے طور پر جانا پہچانا جزائر پر مشتمل ملک مالدیپ ایک جغرافیائی سیاسی ہاٹ اسپاٹ بھی بن گیا ہے، عالمی مشرق-مغرب شپنگ لین ملک کے ایک ہزار ایک سو 92 چھوٹے چھوٹے مرجان جزیروں کی زنجیر سے گزرتی ہیں، جو خط استوا میں تقریباً 800 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں۔

گزشتہ انتخابات میں چین کے حامی سابق رہنما عبداللہ یامین کے متبادل کے طور پر دیکھے جانیوالے صدر محمد معیزو نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی ہندوستان مخالف بیان بازی کو نسبتاً کم کیا ہے ، خاص طور پر جب انہوں نے کہا کہ وہ چینی فوجیوں کے ساتھ ہندوستانی افواج کی جگہ لے کر علاقائی توازن کو خراب نہیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp