پی ٹی آئی میں ٹکٹوں کی جنگ، وکلا اور دیگر کارکنان کے درمیان سخت مقابلہ

منگل 9 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابات 2024 کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم پر حتمی مشاورت نہ ہوسکی جس کی وجہ سے پیر کو جاری ہونے والے ٹکٹوں کا معاملہ التوا کا شکار ہوگیا۔

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی بانی چئیرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں پیر کو ملاقات طے تھی تاہم 2 گھنٹے انتظار کے بعد بھی وہ ملاقات نہ ہوسکی۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان سے کل یا پرسوں ملاقات کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلی حلقوں کے لیے 80 فیصد سے زائد ٹکٹوں پر مشاورت مکمل ہوچکی ہے تاہم جن حلقوں میں امیدوار زیادہ ہیں وہاں مشاورت ابھی باقی ہے.

عمران خان زیادہ تر حلقوں کے لیے ان نوجوانوں اور نظریاتی ورکرز کو ٹکٹ دینے کو ترجیح دے رہے ہیں جو 9 مئی واقعے کے بعد پارٹی پر ہونے والے کریک ڈاؤن کے بعد بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ اس وقت وکلا کی بڑی تعداد ٹکٹ کی خواہش مند ہے تاہم وکلا کو زیادہ تر ٹکٹس دینے کے بجائے نوجوانوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے انصاف لائرز فورم اور مختلف بارز کے عہدیداروں نے بھی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کا یوتھ ونگ بھی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے ایک وفد نے پیرکو پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ٹکٹوں کی تقسیم میں نوجوانوں کو بڑا حصہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انصاف لائرز فورم ’انصاف‘ کا متمنی

اس حوالے سے انصاف لائرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر قاضی انور کی آڈیو لیک بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ عمران خان نے میری فہرست پر مِن وعَن عمل کا کہا تھا لیکن اب بیرسٹر گوہر خان 3 دن سے میرا فون اٹینڈ نہیں کر رہے، سنا ہے کہ وکلا کو کوئی ٹکٹ دینے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے انصاف لائرز فورم کے وکلا کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ اگر ہمارے ساتھ انصاف نہ ہوا تو آئندہ کا لائحہ عمل کل طے کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں انصاف لائرز فورم کی ہیں لہٰذا پارٹی ٹکٹس بھی انصاف لائرز فورم کے ممبرز کو ہی ملنے چاہییں، ان کے حق کے لیے آواز اٹھاؤں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp