چترال ٹرافی ہنٹنگ، امریکی شکاری نے ایک لاکھ ڈالرز کے عوض مارخور کا شکار کرلیا

منگل 7 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی شکاری ہورنڈی اسٹیفن ڈوگلس نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں قومی جانور مارخور کا کامیابی سے شکار کرلیا۔

امریکی شکاری نے ایک لاکھ پانچ ہزار امریکی ڈالرز کے عوض شکار کا پرمٹ حاصل کیا تھا۔ رواں برس یہ ٹرافی ہنٹنگ کا دوسرا شکار ہے۔

چترال وائلڈ لائف حکام کے مطابق مارخور کو چترال کی ’ گیریت کمیونٹی ریزرو ایریا ‘ میں شکار کیا گیا۔ مارخور کے دائیں سینگ کی لمبائی 38 انچ جب کہ بائیں سینگ کی لمبائی 37.5 انچ ہے۔ شکار ہونے والے مارخور کی عمر 8 سال ہے۔

مارخور کا شکار نومبر سے اپریل تک جاری رہنے والے ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کیا جاتا ہے۔ ٹرافی ہنٹنگ میں بھاری معاوضے کے عوض بولی لگانے پر شکار کے لیے چند لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔

چترال میں مارخور سیزن کا پہلا شکار ایک امریکی شکاری نے کیا تھا ۔ تصویر (چترال وائلڈ لائف)

چترال وائلڈ لائف حکام کے مطابق رواں سیزن کے دوران ٹرافی ہنٹنگ کا یہ دوسرا شکار ہے اور اس سے پہلے 6 فروری کو کینیڈین شکاری نے مارخور کا شکار کیا تھا۔

چترال میں 6 فروری کو کینیڈین شکاری نے مارخور کا شکار کیا۔ تصویر (چترال وائلڈ لائف)

قومی جانور مارخور کے شکار کے لیے ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ کی بولی لگائی جاتی ہے جو پاکستانی روپے میں ڈھائی کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔ مارخور کے شکار سے ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی پر خرچ کیا جاتا ہے جبکہ 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع کرایا جاتا ہے۔

مارخور کے دائیں سینگ کی لمبائی 38 انچ جب کہ بائیں کی لمبائی 37.5 انچ تھی

چترال وائلڈ لائف حکام کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نے کشمیر مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے 4 اجازت  ناموں کے لیے 3 لاکھ 92 ہزار ڈالر تقریباً (10 کروڑ روپے) میں نیلامی کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp