آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کا اہم اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، پاکستان ایجنڈے میں شامل ایگزیکٹو بورڈ سے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی اگلی قسط کی منظوری کا امکان ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل ہونے جا رہا ہے، ایگزیکٹو بورڈ سے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی اگلی قسط کی منظوری کا امکان ہے۔ اجلاس میں 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت اگلی قسط کی منظوری ہوگی۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو قرض پروگرام میں سے 1.2 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں، آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر ملنے سے جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو جائے گی۔ پہلے اقتصادی جائزے کی تکمیل پر اسٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر کو طے پایا تھا۔
مزید پڑھیں
پروگرام کے تحت آخری قسط کے لیے مذاکرات فروری کے آخری ہفتے متوقع ہیں، دوسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی فراہمی کے لیے جائزہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے وزارت خزانہ کے حکام نے 70 کروڑ ڈالرکی اگلی قسط کے لیے اجلاس دسمبر کو بلانے کا امکان ظاہرکیا تھا، لیکن تاخیر کے باعث اجلاس جنوری کو بلایا گیا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر کو طے پایا تھا۔
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 12 جولائی 2023 کو پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری دی تھی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط فوری جاری کر دی تھی۔
عالمی مالیاتی ادارے نے کہا تھا کہ پاکستان کو طے شدہ پالیسیوں پر سختی سے کاربند رہنا ہو گا۔ پاکستان میں معاشی اصلاحاتی پروگرام معیشت کو فوری سہارا دینے کے لیے ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے لیے 1.8 ارب ڈالر نومبر اور آئندہ برس فروری میں جائزوں کے بعد شیڈول کیے جائیں گے۔ قرض پروگرام سے پاکستان کو عدم توازن کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔