نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں اوپننگ جوڑی کون سی ہوگی؟

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اس وقت بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان کی بہترین اوپننگ جوڑی ہے جو آئندہ بھی رہے گی۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ بابراعظم فارم میں نہیں ہیں، وہ ایک بہترین بلے باز ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے بہت زیادہ اسکور کیا ہے، ایک دو اننگز سے فرق نہیں پڑتا، انہوں نے پاکستان کے لیے بطور کھلاڑی اور کپتان بہت اچھا پرفارم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان ٹیم کو 17 میچز کھیلنے ہیں، کوشش کریں گے کہ ہم اپنا کمبینیشن دیکھیں تاکہ دورہ انگلینڈ سے پہلے ہمیں پتہ ہو کہ کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز کے لیے بعض نوجوان کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، اعظم خان، عامر جمال، صاحبزادہ فرحان کے علاوہ حسیب اللہ اور عباس آفریدی جیسے کچھ نئے کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے باعث فخر ہے کہ وہ اس سیریز میں پاکستان کی بطور کپتان نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ٹیم پاکستانی کھلاڑی بہت اچھا کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، ماضی میں بڑے ایونٹس میں پاکستان ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا مگر بدقسمتی سے ٹیم اچھا رزلٹ نہیں دے سکی۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کے خیال میں ٹیم نے بڑی غلطیاں نہیں کیں کیونکہ فائنل یا سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا البتہ جو چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہیں، ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

’میں بالکل فٹ ہوں‘

آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں اپنی پرفارمنس اور فٹنس سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ بالکل فٹ ہیں، 2 میچز میں کچھ زیادہ بولنگ کرائی تھی، تھکاوٹ اتنی زیادہ ہوچکی تھی کہ مینیجمنٹ اور میڈیکل پینل نے کہا کہ دوبارہ انجری ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے، اسی لیے انہوں نے ایک میچ میں آرام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں ٹیم وہ نتیجہ نہیں دے پائی جس کی قوم توقع کر رہی تھی، کبھی کبھار پرفارمنس اچھی نہیں رہتی مگر بطور ٹیم آپ کو اس وقت سپورٹ چاہیے ہوتی ہے جب آپ کوئی میچ یا سیریز ہارتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اپنی غلطیوں پر قابو پانے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ سیریز

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز کی ٹی20 سیریز کا آغاز کل (جمعہ) سے ہوگا۔ پہلا میچ کل آکلینڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 14 جنوری، تیسرا 17، چوتھا 19 اور آخری میچ 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاہین آفریدی پہلی مرتبہ بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل ٹی20 فارمیٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp