تحریک انصاف کے کن بڑے ناموں کو ٹکٹ نہیں ملے؟

جمعہ 12 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے قومی  اسمبلی اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے ٹکٹوں کا اعلان کردیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے ٹکٹوں میں پرانے چہرے، وکلا اور دیرینہ کارکنان بھی امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں تاہم کچھ ایسے نامور رہنما بھی ہیں جنہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے محروم رہنے والا بڑا نام زلفی بخاری ہے جنہیں تحریک انصاف نے اٹک سے ٹکٹ جاری نہیں کیا اور ان کے مقابلے میں میجر طاہر صادق کی بیٹی ایمان طاہر کو ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے۔

زلفی بخاری کا شمار عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک ہونے کی وجہ انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔

دوسرا بڑا نام وکیل رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا ہے جنہوں نے اسلام آباد کے 2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم تحریک انصاف نے ان پر وکیل رہنما شعیب شاہین اور دوسرے حلقے سے دیرینہ کارکن عامر مغل کو ترجیح دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعے کے بعد ڈاکٹر بابر اعوان لندن روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد پارٹی میں ان کی  جگہ دیگر وکیل رہنماؤں نے لے لی ہے۔

تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت میں وفاقی وزیر رہنے والے شفقت محمود کو بھی تحریک انصاف نے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ ان کے مقابلے میں لاہور سے ڈاکٹر یاسمین راشد میدان میں اتریں گی۔ شفقت محمود 9 مئی واقعے کے بعد  خاموشی اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے ٹکٹ نہ ملنے کے بعد کاغذات نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمیشد چیمہ نے بھی ٹکٹ نہ ملنے کے بعد کاغذات نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ پنجاب حکومت کی ترجمان رہ چکی ہیں تاہم 9 مئی واقعے کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے پارٹی عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف حکومت میں معاشی امور کے ترجمان مزمل اسلم  کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کراچی کے حلقے این اے 241 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم ٹکٹوں کے اعلان کے بعد انہوں نے کاغذات واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان کے لیگل امور پر ترجمان رہنے والے نعیم حیدر پنجوتھہ  کے ٹکٹس پر تاحال فیصلہ کہیں ہوسکا ہے۔ وہ قومی اور 2 صوبائی اسمبلی سے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔ لاہور سے تحریک انصاف کے وکیل رہنما علی اعجاز بٹر کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp