تحریک انصاف کا پلان بی سامنے آگیا؟

ہفتہ 13 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف نے انتخابات کے لیے پلان ’بی‘ لانچ کردیا ہے۔ پلان بی کے مطابق تحریک انصاف نے تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے امیدواروں کو ٹکٹ جمع کروانے کی ہدایات کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت کو تحریک انصاف نے اپنی کورنگ جماعت کے طور پر اختیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی پر امیدوار کھڑے کر رکھے ہیں۔

پی ٹی آئی نے قومی و صوبائی اسمبلی پر دو دو امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک ٹکٹ پاکستان تحریک انصاف اور ایک ٹکٹ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے جاری کیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف نظریاتی کے چئیرمین اختر اقبال ڈار ہیں۔ تحریک انصاف کو بلے کا نشان نہ ملنے کی صورت میں تحریک انصاف نظریاتی کے امیدواران کو اپنا لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس عمران خان سے مشاورت کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کے لیے ہدایات جاری کردیں، کہ ‏تمام امیدواران ’تحریک انصاف نظریاتی‘ کے ٹکٹ ریٹرننگ افسران کے دفتر میں جمع کروائیں اور اس کی رسیونگ لیں۔

‏اگر کوئی آپ کا ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس یا آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری طور پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سنٹرل الیکشن کمیشن کو شکایت ای میل کریں۔

اپنی تحریری شکایت بھی ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کروائیں، پولیس کو درخواست دیں۔ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کریں یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں، یہ تمام ثبوت اور درخواستیں پارٹی کو بھی بھیجیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp