ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ بھی نیوزی لینڈ کے نام، پاکستان کو 21 رنز سے شکست

اتوار 14 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار کردیا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 195 رن کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا ہی میں پاکستانی بلے باز دباؤ کا شکار نظر آئے۔  پاکستان کی پہلی وکٹ 8 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب ایک رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر فن ایلن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 10 رن کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر بلے باز محمد رضوان صرف 7 رن بنا کر ملنئے کی گیند پر کونوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد سابق کپتان بابر اعظم اور فخرزمان نے عمدہ شراکت داری قائم کی لیکن 97 کےمجموعی اسکور پر فخر زمان 50 رنز بنا کر ایڈم ملنے کی گیند پرکلین بولڈ ہو گئے۔ پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو محض 4 رنز بنا کر سائرس کی گیند پر سودھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو ئے۔

پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے جو مجموعی اسکور 108 تک پہنچانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ کوئی بھی پاکستان بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔

اعظم خان نے 2 ، عامر جمال نے 9 ، شاہین شاہ آفریدی نے 22، عباس آفریدی نے 7 ، اسامہ میر صفر، جب کہ حارث رؤف نے 2 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سےعمدہ بولنگ ایڈم ملنئے نے کی، انہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز دے کر 4 پاکستان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹم ساؤتھی ، بین سائرس، ایش سودھی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل سینٹینروکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی بلے بازوں نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اپنایا، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 59 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب اننگز کے پانچویں اوورز میں ڈیون کونوے 20 رنزبنا کر عامر جمال کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

 111 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 26 رنز کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر کریز سے باہر چلے گئے ۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 137 کے مجموعی اسکور پر گری جب فن ایلن 74 رنز بنا کر عثمان میر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

فن ایلن کے بعد کوئی بھی کیوی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا، نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 147 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 157 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارک چپمین 4 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پانچویں وکٹ 182 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب گلین فلپس 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئی، چھٹی وکٹ بھی 182 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈم ملنے حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں صفرپر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 183 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایش سودھی کو حارث رؤف نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ آٹھویں وکٹ 192 کے مجموعی اسکورپر گری جب مچل سینٹنر 25 رنز بنا کر اعظم خان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ ٹم سوتھی نے 5 اور بن سیئرس نے 1 رنز اسکور کیا اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ حارث رؤف نے کی، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 38 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسرے کامیاب بولر عباس آفریدی تھے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عامر جمال اور اسامہ میر ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ پاکستان نے اپنے دورے کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور میزبان ٹیم کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ہی اسے 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے 12 جنوری کو سیریز کے پہلے میچ میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کین ولیمسن اور ڈیرل مچل کی شاندار کارکردگی کی بدولت مجموعی طور پر 226 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم کی 35 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود پاکستان کی ٹیم جواب میں صرف 180 رنز ہی بنا سکی۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک کی فتح اور دوسرے ٹی 20 میں شکست کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ناقص فیلڈنگ کے علاوہ مہمان ٹیم لیگ اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ بولر عامر جمال کی ناقص کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہے۔ پہلے میچ میں اسامہ میر نے اپنے 4 اوورز کے اسپیل میں 51 رنز دیے تھے جبکہ جمال نے 55 رنز دے کر ٹیم کو مایوس کیا تھا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان پلیئنگ الیون میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر)، عامر جمال، اسامہ میر، شاہین آفریدی (کپتان)، عباس آفریدی، حارث رؤف شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں فن ایلن، ڈیون کونوے (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان )، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، ایڈم ملنے، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، بین سیئرز شامل ہیں

بقیہ میچز

تیسرا ٹی 20 – 17 جنوری 2024 یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن

چوتھا ٹی 20 – 19 جنوری 2024، ہیگلی اوول، کرائسٹ چرچ

پانچواں ٹی 20 – 21 جنوری 2024، ہیگلی اوول، کرائسٹ چرچ

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp