سینیٹ آف پاکستان میں ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کو ملتوی کروانے کے لیے ایک اور قرار داد جمع کر دی گئی ہے، قرار داد میں سخت سرد موسم اور سیکیورٹی کے خدشات کا ذکر کیا گیا ہے۔ قرار داد آزاد حیثیت میں سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی ہے۔
مزید پڑھیں
اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کی گئی قرار داد میں سینیٹر ہلال الرحمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کا انعقاد ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب خیبر پختونخوا میں شدید سردی اور برفباری ہو رہی ہو گی۔
قرار داد میں انہوں نے کہا ہے کہ سخت سرد موسم خیبرپختونخوا میں شہریوں کو سازگاز ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے، امیداروں کو الیکشن مہم چلانے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔
سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں سینیٹر ہلال الرحمان نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو سیکیورٹی کے خدشات بھی درپیش ہیں جن کے باعث امیداروں کو خود پر دہشت گردوں کے حملوں کا بھی خدشہ ہے ۔ اس کے علاوہ صوبے کے ووٹرز اور امیدواروں میں احساس محرومی ہے کہ وہ ان حالات میں ووٹ کیسے ڈالیں گے۔
سینیٹر ہلال الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن کا یہ صحیح وقت نہیں ہے اس لیے عام انتخابات کو 8 فرروی کے بجائے کسی موزوں وقت تک کے لیے ملتوی کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن ملتوی کرانے کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی جس سے سینیٹ سے منظور بھی کر لیا گیا تھا ۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے بھی سینیٹ سیکریٹریٹ میں قرار داد جمع کرائی گئی تھی جس میں انہوں نے الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔