استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہمارا موقف آج بھی وہی ہے جو 2018 میں تھا۔ پاکستان تحریک انصاف میں اچھی نیت کے ساتھ شامل ہوئے تھے اور شروعات اچھی تھیں مگر بعد میں جوا وہ سب کو معلوم ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ دیگر حلقوں میں ہم مقابلہ بھی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہمیشہ ہوتی ہے، ووٹر الیکشن بوتھ میں اکیلا ہوتا ہے اور مرضی سے ووٹ ڈالتا ہے۔
جہانگیر ترین نے کہاکہ ہمارا موقف آج بھی وہی ہے جو 2018 میں تھا، میری کوشش ہوگی کہ حلقے کے عوام اور ملک کے لیے کام کروں۔
سربراہ آئی پی پی نے کہاکہ ہم پاکستان میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، ہم اُن مشکل کاموں میں ہاتھ ڈالیں گے جو آج تک نہیں ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی ابھی نئی ہے اس لیے ہمیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت تھی۔
کسی کا بھی میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کسی کا بھی میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔
کیا کسی کو جوتے کا انتخابی نشان الاٹ ہونا چاہیے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں الیکشن کمیشن نہیں ہوں، اس پر جواب نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات پاکستان کی ضرورت ہیں اور میرا یقین ہے کہ 8 فروری کو ملک میں انتخابات ہو جائیں گے۔