نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ان کی کارکردگی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
لاہور میں ایک تقریب کے دوران مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ محسن نقوی کو پنجاب کا ثانی شیر شاہ سوری کہتا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر رقم پریس کلبوں میں بلاامتیاز تقسیم کی گئی، محسن نقوی نے سڑکوں اور اسپتالو ں کا ہی نہیں بلکہ صحافیوں کا بھی خیال رکھا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی دن دیکھتے ہیں نہ رات، دھند دیکھتے ہیں نہ سردی، دھوپ دیکھتے ہیں نہ چھاؤں، بس کام کیے جارہے ہیں، صبح اٹھ کر ٹی وی دیکھتا ہوں تو بھی محسن نقوی نظر آتے ہیں اور کسی نہ کسی پراجیکٹ پر ہوتے ہیں۔
اس موقع پر پنجاب بھر کے پریس کلبوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو محسن صحافت قرار دیا اور کہاکہ تاریخ میں پہلی بار چھوٹے پریس کلبز کے لیے گرانٹ کا اجرا صحافی دوست اقدام ہے جس سے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر قائم پریس کلبوں میں 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ تقسیم کی گئی ہے۔