مسلم لیگ کی حکومت بنی تو بسکٹ بنا کر بیچ رہا ہوں گا، مفتاح اسماعیل

اتوار 14 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئندہ جو بھی حکومت آئے گی اس کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔ اس کو کنٹرول کرنا آنے والی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ آج پاکستان میں 9 کروڑ لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، جو پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 40 فیصد ہے۔ اتنی غربت گزشتہ 20 سال میں نہیں تھی، میرے خیال میں یہ ایک اہم ایشو ہے، اگر حکومت نے اس جانب توجہ نہ دی تو اس میں اضافے کا امکان نہیں، کمی نہیں ہوگی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد معیشت سنبھلنا شروع ہوئی ہے۔ پاکستان کے بانڈ جو دنیا بھر میں فروخت ہوتے ہیں وہ 50 فیصد پر آگئے تھے، وہ پھر 100 فیصد پر آگئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو مَیں کہیں نہیں ہوں گا، کراچی میں بسکٹ بنا کر بیچ رہا ہوں گا۔

واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل کا شمار مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا اور انہوں نے 2018 کے انتخابات میں کراچی سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر حصہ بھی لیا تھا۔

وی ایکسکلوسیو: عمران خان کو ہٹانے میں فوج نے ساتھ بھی دیا ہوگا: مفتاح اسماعیل

2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہونے سے قبل آخری بجٹ کے وقت جب وزیرخزانہ اسحاق ڈار ملک سے باہر چلے گئے تھے تو مفتاح اسماعیل نے آخری بجٹ پیش کیا تھا۔ پھر اس کے بعد عمران خان کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کے بعد وہ وزیر خزانہ بنے مگر زیادہ دیر تک عہدے پر نہ رہ سکے۔

مفتاح اسماعیل سے اُس وقت استعفیٰ لے لیا گیا تھا جب اسحاق ڈار لندن سے وطن واپس پہنچے تھے۔ مسلم لیگ ن کے اس اقدام پر مفتاح اسماعیل نے گلے شکوے کیے تھے۔

اُس وقت سے مفتاح اسماعیل مسلم لیگ ن کے خلاف وقتاً فوقتاً گفتگو کرتے رہتے ہیں، وہ اس وقت سیاست میں متحرک کردار ادا نہیں کر رہے مگر شاہد خاقان اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کے ساتھ ایک ری امیجن فورم کا حصہ ضرور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp