نفرت انگیز پیغام کی نمائش کرنے پر اسرائیلی فٹ بالر ترکیہ میں گرفتار

پیر 15 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ میں ایک فٹ بال میچ کے دوران حماس اسرائیل جنگ سے متعلق پیغام کی نمائش کرنے پر ایک اسرائیلی فٹ بالر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فٹبالر ساگیو جیہیزکل نے میچ کے دوران گول کرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے اپنی کلائی پر بندھی پٹی پر حماس اسرائیل جنگ سے متعلق لکھے گئے ایک پیغام کی نمائش کی تھی جس پر ’100 دن۔ 07/10‘ لکھا تھا۔

اس پیغام میں 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور غزہ میں 130 سے زیادہ اسرائیلیوں کو یرغمال بنائے جانے والے دنوں کی تعداد کا حوالہ دیا گیا تھا۔

اتوار کو فٹ بال کلب انٹالیاسپور کی جانب سے اسرائیلی فٹ بالر کو برطرف کیے جانے کے بعد ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز تنک نے بھی اسرائیلی فٹ بالر کے خلاف نفرت پر اکسانے کے اس واقعہ کی تحقیقات کا اعلان کیا۔

وزیر یلماز تنک نے اپنی ایک پوسٹ میں تحریر کیا، ’انطالیہ کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے اسرائیلی فٹبالر ساگیو جیہیزکل کے خلاف غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے قتل عام کے حق میں نفرت انگیز جشن منانے اور عوام کو نفرت پر اکسانے پر عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔‘

انہوں نے غزہ میں جاری ’نسل کشی‘ کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ’ہم مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘

دوسری جانب فٹ بال کلب اینٹالیاسپور نے بھی اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی کھلاڑی کو ترکیہ کی اقدار کے خلاف اقدام کرنے پر برطرف کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں حماس اسرائیل جنگ کے آغاز کے بعد ترک صدر رجب طیب ایردوان نے بھی کئی مواقع پر اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا اور فلسطین کی حمایت میں بیانات جاری کیے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ پر اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں اب تک 23 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp