دانیال عزیز کو ٹکٹ دینے کی صورت میں احسن اقبال نے پارٹی کو کیا دھمکی دی تھی؟

پیر 15 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے محروم ہونے والے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ احسن اقبال نے مسلم لیگ ن کو پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دی تھی اور قیادت نے مجبور ہوکر میرے ٹکٹ کے حوالے سے ان کے حق میں فیصلہ کیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ میری نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی البتہ شہبازشریف سے ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت بھی ملاقات ہوئی تھی۔

’شہبازشریف میرے اور احسن اقبال کے درمیان کوئی سمجھوتہ چاہتے تھے مگر احسن اقبال طیش میں آگئے اور پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دینے لگے‘۔

انہوں نے کہاکہ احسن اقبال نے بیٹے کو منتخب کرانے کے لیے سارا کھیل کھیلا، انہوں نے اپنی طرف سے صوبائی اسمبلی کے کاغذات جمع کرائے۔

پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا

دانیال عزیز نے کہاکہ اس وقت میری ساری توجہ الیکشن پر ہے، دل آزاری تو بہت ہوئی ہے مگر ابھی تک پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن جیت گیا تو مہنگائی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے ٹکٹوں کی تقسیم میں سینیئر رہنما دانیال عزیز کو نظرانداز کر دیا ہے اور دانیال عزیز کا الزام ہے کہ اس میں احسن اقبال کا ہاتھ ہے۔

ن لیگ کے ٹکٹ سے محروم رہ جانے والے دانیال عزیز کون ہیں؟

دوسری جانب احسن اقبال کا موقف ہے کہ دانیال عزیز پی ٹی آئی کی ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے تھے ہمیں ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں دی تھی۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ پارٹی قیادت 2013 میں بھی دانیال عزیز کو ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں تھی، میں نے وکالت کر کے ان کو ٹکٹ لے کر دیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ دانیال عزیز 2013 میں ن لیگ کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے، بعدازاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد 2018 میں انہیں بھی توہین عدالت پر نااہل کر دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp