ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک، گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کا امکان

منگل 16 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند اور سخت سردی کا امکان ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، چارسدہ ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گر دو نواح میں موسم شدید سرد رہے گا تاہم بہا ولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا،منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن کے درجہ حرات معمول سے کم رہیں گے، خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی، خیر پور، کشمور اور پڈعیدن میں شدید دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک تاہم شام رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے البتہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp