امریکی وی لاگر پاکستان میں ٹیکسی ڈارئیور کی ایمانداری سے خوش، انعام میں کتنی رقم دی؟

منگل 16 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوں تو دنیا بھر میں پاکستان اور پاکستانیوں کے حوالے سے مختلف قسم کی رائے رکھی جاتی ہے لیکن غیر ملکی سیاح وہ ذریعہ ہیں جو پاکستان کا ایک اچھا چہرہ دنیا کو دیکھاتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر آئے روز پاکستان میں موجود غیر ملکی سیاح اپنے وی لاگز کے ذریعے پاکستان کے بارے میں کچھ نہ کچھ اچھا ضرور دکھا رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر اس وقت وائرل ہے جو پاکستان میں موجود امریکی وی لاگر کرس لیوس کے وی لاگ کا ایک چھوٹا سا کلپ ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد میں موجود کرس لیوس دامن کوہ جانا چا ہ رہے ہیں لیکن آن لائن ٹیکسی سروس ان کی رائڈ بار بار کینسل کر رہی ہے، جس کے بعد وہ ایک مقامی ٹیکسی ڈرائیور سے بات کرتے ہیں اور ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ دامن کوہ جانے کے کتنے پیسے لیں گے؟ کرس لیوس کا خیال تھا کہ ٹیکسی ڈرائیور ان کو غیر ملکی سمجھ کر زیادہ پیسوں کا مطالبہ کریں گے لیکن اس کے برعکس ٹیکسی ڈرائیور عبد الضمیر 700روپے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی وی لاگر کرس لیوس بہت صاف اردو میں بات کرتے ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے سے پہلے انہوں نے اردو سیکھی تاکہ یہاں بات کرنے اور سمجھنے میں آسانی ہو۔ دامن کوہ پہنچنے پر کرس لیوس نے عبد الضمیر کو 5000روپے انعام دیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسی ڈارئیور نے بہت ایمانداری سے اتنے ہی پیسے دیے جتنے بنتے تھے اور ان کی اس ایمانداری پر انعام دینا بنتا تھا۔


ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصروں کا انبار لگا دیا، کسی کو امریکی وی لاگر کی اردو پسند آئی تو کسی نے ٹیکسی ڈارئیور کی ایمانداری کو سراہا، ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا آپ کی اردو تو مجھ سے بھی اچھی ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ٹیکسی ڈرائیور بالکل لالچی نہیں تھا، 700 مانگا اور 5ہزار ملے، دنیا کو آہستہ آہستہ لالچ سے پاک کریں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ یہ اصل پاکستانی ہیں جو ایمانداری سے کام کرتے ہیں اور پاکستانی وی لاگرز کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کا ایک مثبت چہرہ دنیا کو دکھائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp