پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت ہمارے ساتھ ہے اور رہے گا۔ شیر افضل مروت لکی مروت سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور کامیابی بھی حاصل کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امیدواروں کی لسٹیں کل تک فائنل کر لیں گے، کارکنان متحد رہیں 8 فروری کو فتح ہماری ہی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو جمہوری ملک بنانا چاہتے ہیں، سنی اتحاد کونسل سے ہمارا کبھی اتحاد نہیں ہوا، پارٹی کارکنان ذاتی اختلافات کو ایشو نہ بنائیں۔
Related Posts
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ پی ٹی آئی نظریاتی کے ساتھ اتحاد ہوا تھا مگر اس کے بعد جو ہوا سب نے دیکھ لیا۔ یہ ساری پابندیاں پی ٹی آئی کے لیے ہیں کیونکہ بلاول پی پی پی کا چیئرمین ہونے کے باجود پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے چند ماہ بڑی مشکل میں گزارے ہیں، پارٹی میں ہمیشہ اختلاف رہتا ہے اور یہی جمہوریت ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں رؤف حسن اور حامد خان کے بیانات کی وجہ سے شیر افضل مروت انتخابی مہم سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور کہا ہے کہ یہ بیمار ذہنیت کے لوگ ہیں۔
شیر افضل مروت کی جانب سے سندھ میں الیکشن مہم کے دوران حامد خان اور رؤف حسن نے ان کے خلاف بیانات دیے تھے۔
رؤف حسن نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت جو کہتے ہیں اس کی انہیں کوئی ہدایات نہیں ملی ہوتی، معلوم کیا جائے کہ یہ جیل میں عمران خان سے ملتے بھی ہیں یا نہیں۔