نیوزی لینڈ سے ایک اور شکست ’سابق کھلاڑیوں کا بہترین ٹرپ لگ گیا‘

بدھ 17 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی بری کارکردگی کو ابھی شائقین بھولے نہ تھے کہ پاکستان نے شکست کی ایک اور سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ ڈونیڈن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دےکر سیریز اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا تھا۔

پاکستان کی بدترین کارکردگی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کرکٹ شائقین بھی شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

صحافی رضوان غلزئی نے کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ آسٹریلیا نے وائٹ واش کردیا، نیوزی لینڈ سے کلین سویپ ہوئے تو کیا ہوا۔ سابق کرکٹرز پر مشتمل 17 رکنی انتظامیہ کا بہترین ٹِرپ لگ گیا، آفریدی نے بھانجے کو کپتان بنوا دیا، معین خان کا بیٹا کھیل گیا، کسی کی سفارش پر چیف سیلیکٹر اور کسی کی سفارش پر کوچز لگ گئے۔ آصف زرداری کی سفارش پر چیئرمین بننے والے ذکاء اشرف نے ہر کسی کی سفارش پر لبیک کرکے پاکستانیوں کی واحد انٹرٹینمنٹ کرکٹ کو بھی تباہ کردیا۔

ایک صارف نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ اتنے خراب حالوں میں پہنچ چکی ہے کہ اب عوام کی کرکٹ میں دلچسپی ختم ہو چکی ہے ان حالات میں ان کا پی ایس ایل کون دیکھے گا۔

 ایک صارف فیاض محمود نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب سے ان کی تقرری ہوئی ہے انہوں نے کرکٹ برباد کر کے رکھ دی ہے اور اس سفارشی کو کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔

سپورٹس جرنلسٹ حسنین لیاقت لکھتے ہیں کہ کرکٹ میچوں میں پہلے شکست کا ذمہ دار اگر کپتان ہوتا تھا تو اب کی بار بھی یہ ذمہ داری کپتان پر ہی عائد ہو گی۔  انہوں نے شاہین آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی کا داماد اگر کسی کی آنکھ کا تارا ہو گا تو گھر اور فرینچائز میں ہو گا۔ اگر کپتانی لی ہے تو نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر بابر اعظم منفرد ریکارڈ اپنے نام کر کے بھی پاکستان کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔  بابراعظم نے 37 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل میں دنیا کے دوسرے بلےباز بن گئے ہیں جنہوں نے 10 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp