بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان سے معاشی بحران اور مہنگائی کا خاتمہ ضروری ہے، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عوام پیپلز پارٹی کو منتخب کریں۔ ہمیں غریبوں کی فکر ہے اور دوسری طرف ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی فکر ہے۔
بدین میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عوام کا راج چاہتے ہیں، چاروں صوبوں کے عوام کو اپنے منشور سے آگاہ کر رہا ہوں، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر 10 نکاتی معاشی منشور پر عمل کرے گی۔ وقت آگیا ہے اس ملک کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، چوتھی بار وزیر اعظم بننے کا خواہش مند شخص کوئی کیمپین نہیں کر رہا، ہم اسے چوتھی بار وزیر اعظم بننے نہیں دیں گے، سب کو دعوت ہے آئیں تیر سے شیر کا شکار کریں۔ یہ عوام کا خون چوسنے والا شیر ہے۔
’کس خوشی میں چوتھی بار وزیر اعظم تسلیم کریں؟ ہمیں پاکستان کے معاشی بحران کی فکر ہے اور انہیں چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی‘۔
مزید پڑھیں
بلاول بھٹو نے 10 نکاتی معاشی ایجنڈے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مفت بجلی دے کر دکھاؤں گا، حکومت ملی تو غریب عوام کو 3 سو یونٹ فری بجلی دوں گا، غریب عوام کو 30 لاکھ پکے گھر بنا کر دوں گا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ اور غریبوں کو بلا سود قرضے دلوائیں گے۔ حکومت میں آئے تو کسانوں کو ہاری کارڈ دیں گے جس سے انکو فصلوں کے لیے بیچ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
’یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے انہیں روزگار اور تعلیم دلوائیں گے، ہر جگہ مفت علاج کے لیے اسپتال بنانا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو اسلام آباد میں بیٹھ کر عوامی فیصلے کریں گے، ایک صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننا چاہ رہا ہے جس کے پاس کوئی منشور ہی نہیں ہے۔ ہم عوام کی طاقت پر اور وہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں۔ جو نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
’حکومت بننے کے بعد بدین میں یونیورسٹی بنائیں گے، کوشش ہوگی ہر ڈسٹرکٹ میں ایک یونیورسٹی بنائیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی یہ شخص آپ پر مسلط کیا گیا نقصان پاکستان کے عوام کا ہوا، یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے۔ اس شیر کا شکار تیر سے کریں گے اور کسی صورت چوتھی بار وزیر اعظم نہیں بننے دوں گا۔