نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہیے، ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہ ہونے سے تنازعات بڑھیں گے۔
عالمی اقتصادی فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’ٹریڈ ٹیک ٹریلین ڈالر پرامس‘ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی آنے والے دور میں اہمیت کی حامل ہو گی، میری رائے میں جو معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے وہ معاشی مسابقت نہیں بلکہ اسٹرٹیجک مسابقت ہے۔ اسٹرییجک مسابقت معاشی مسابقت پر حاوی ہو جاتی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہونا چاہئے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، تجارتی اور کاروباری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نجی شعبہ کو حکومت کی مدد کے لئے آگے آنا چاہیے۔
نگراں وزیراعظم نے کہاکہ نجی اداروں کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے رائے عامہ ہموار اور اس سلسلہ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اس وقت جو ترقی ہو رہی ہے دنیا کے ہر خطہ کو اس سے مستفید ہونا چاہئے، وقت کے ساتھ مسائل کا حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ تیز رفتار ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہو گا، سب کے لیے ٹیکنالوجی کا مساوی حصول یقینی ہونا چاہیے ، صحت کی خدمات سے لے کر سماجی شعبے تک اس کے اثرات پڑتے ہیں، ٹیکنالوجی کی صورت میں جب اسٹرٹیجک مسابقت بڑھتی ہے تو اس سے ترقی یافتہ ممالک 21 ویں صدی میں سائنس کی ترقی سے زیادہ مستفید ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہیں ہو گی تو اس سے تنازعات مزید بڑھیں گے۔ اس معاملے کو زیر غور لانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم سے معاملات کوبہتر بنانے میں مدد ملے گی۔