نگراں وزیر اعظم کا چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کا اعلان

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) کے شعبہ کا ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت آئی ٹی کو ملک کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے، ہم دنیا کے 190 ممالک کو آئی ٹی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

پاکستان فری لانسنگ کے لیے تیسرا سب سے بڑا مقبول ملک بن چکا ہے

جمعرات کو کنونشن سینٹر میں ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ  پاکستان فری لانسنگ کے لیے تیسرا سب سے بڑا مقبول ملک بن چکا ہے، ملک کے چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائیں گے، ملکی ترقی میں آئی ٹی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کا دور ہے، ٹیکنالوجی کے ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں، مصنوعی ذہانت سمیت ٹیکنالوجی کے جدید ذرائع اب ایک بنیادی ضرورت بن چکے ہیں جن کی وجہ سے سماجی و معاشی فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور قوموں کی ترقی میں بھی ان کا بڑا اہم کردار ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ ہماری توجہ کا محور ہے، نگراں وزیر اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ ہماری توجہ کا محور ہے اور ہم ٹیک ڈسٹینیشن کے آئیڈیا کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں نے نمایاں ترقی کی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری نے معیشت کی بہتری، روزگار کے مواقع بڑھانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان دنیا کے 190 ممالک کو آئی ٹی کی خدمات فراہم کر رہا ہے

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 190 ممالک کو آئی ٹی کی خدمات فراہم کر رہا ہے، آئی ٹی کے شعبہ کی جدید دور میں بہت اہمیت ہے اور یہ شعبہ جدیدیت، ٹیلنٹ کی دستیابی، حکومتی سہولیات اور دیگر اقدامات کی وجہ سے نالج اکانومی کا ایک لازمی حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 90 فیصد سے زیادہ ٹیلی ڈینسٹی کے ساتھ آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی آف شور آؤٹ سورسنگ کی وجہ سے حال ہی میں پاکستان کو مالیاتی طور دنیا میں دوسرا بڑا پرکشش ملک قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ پاکستان فری لانسنگ کے لیے تیسرا سب سے بڑا مقبول ملک بن چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے آئی ٹی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پاکستان ملکی، علاقائی اور بین الاقومی سطح پر آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کیلئے تعاون کیلئے کوشاں ہے اور پاکستان کے ٹیک ڈسٹینیشن کے طور پر کردار سے ڈیجیٹل اکانومی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پالیسی کے ذریعے اقتصادی خوشحالی اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور ان کی تعداد اب بڑھ کر 30 تک پہنچ گئی ہے۔

آئی ٹی کے شعبہ کے لیے ہر طرح کا سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا

اس کے علاوہ ملک کے چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے اور مختلف ڈھانچہ جاتی اقدامات کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آئی ٹی کے شعبہ کیلئے ہر طرح کا سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا جس میں وسیع البنیاد قانون سازی، ریگولیٹری اور آپریشنل اقدامات شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہے ہیں، علم پر مبنی معیشت کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے، فری لانسرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ کے قیام کے نتیجہ میں خواتین اور فری لانسرز کی مؤثر شرکت حوصلہ افزاء ہے۔

دہشت گردی کے خلاف بے خوفی سے لڑنے پر قوم سکیورٹی فورسز کی مقروض ہے، نگراں وزیر اعظم

دریں اثنا نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعرات کو پشاور میں پولیس دربار میں خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آپ وہ لوگ ہیں جو ریاست کی سلامتی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف بے خوفی سے لڑنے پر قوم سکیورٹی فورسز کی انتہائی مقروض ہے۔ شہدا یقیناً جنت کے مستحق ہیں جبکہ مخالف گروہ کا مقدر ہمیشہ کے لیے جہنم میں رہنا ہے۔

نگران وزیر اعظم نے شہید صفوت غیور اور شہید ملک سعد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خیبر پختونخوا پولیس کا اثاثہ قرار دیا۔

سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں کی بربریت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے ظلم کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موت ایک حقیقت ہے جو کسی بھی وقت آسکتی ہے اس لیے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دہشت گردوں کے ہر حملے کا جواب زیادہ طاقت اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔

شرپسندوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ وہ زندگی کے آخری لمحات تک ان کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

 یہ بزدل ہیں، ان میں سامنے آکر لڑنے کی ہمت نہیں اور ہمیشہ پیچھے سے وار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ، وہ ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں، وہ بزدل، ظالم اور بے حس ہیں۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جو دہشت گرد مارے گئےان کے نام کسی کو نہیں معلوم لیکن شہدا کے نام مدتوں یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست اس جنگ کو جیتے گی، اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن اس کا جیتنا ہمارا مقدر ہے کیونکہ ہم سیدھے راستے پر ہیں۔ اللہ تعالی بھی ان کی مدد کرتا ہے جو صراط مستقیم پر ہوں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں دانشمندی اور صحیح حکمت عملی سے لڑنا ہوگا۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف تمام لڑائیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا پولیس کے مطالبات پورے کرنے کا بھی اعلان کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp