پاکستان کی آئی ٹی برآمدات، گزشتہ 60 دنوں میں 32 فیصد اضافہ

جمعرات 18 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ 60 دنوں میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سعودی عرب کے معروف اخبار ’عرب نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر عمر سیف  نے کہا کہ نومبر کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 13 فیصد اور دسمبر میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا نگراں حکومت، وزارت آئی ٹی، آئی ٹی انڈسٹری، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کو جاتا ہے جنہوں نے اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے مل کر کام کیا۔

ان کا کہنا تھا، ’ہم نے گزشتہ 4 ماہ میں بہت سے اقدامات کیے جن کی بدولت آئی ٹی کے شعبہ میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔‘

وزارت آئی ٹی کے اعدادوشمار کے مطابق، دسمبر میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 303 ملین ڈالر تک ریکارڈ کی گئیں، جو دسمبر 2022 میں 247 ملین ڈالر کے مقابلے میں 22.67 فیصد زیادہ ہے۔

وزارت نے کہا کہ نومبر 2023 کے مقابلے میں، دسمبر 2023 میں آئی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات میں 44 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جو کہ ماہانہ بنیاد پر 16.99 فیصد زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں ملک میں فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی افرادی قوت کو سہولیات فراہم کرنے اور آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

گزشتہ ہفتے، حکومت نے آن لائن فری لانسرز کے لیے پاکستان بھر میں 10 ہزار ای روزگار سینٹرز کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

ڈاکٹر عمر سیف نے رواں ماہ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا بھی اجرا کیا تھا، اس منصوبے کے تحت حکومت پاکستانی سٹارٹ اپس میں سالانہ 2 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp