چوتھا ٹی20 بھی نیوزی لینڈ کے نام، پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 5 ٹی20 میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی جیت نیوزی لینڈ کا مقدر ٹھہری، کیویز نے پاکستان کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ ابھی کھیل کی 11 گیندیں باقی تھیں۔

کرائسٹ چرچ میں آج کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 158 رنز بنائے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل اور گلین فلپس کی دھواں دار بلے بازی اور شاندار نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ڈیرل مچل نے 44 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے جبکہ گلین فلپس نے 52 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کے تینوں کھلاڑیوں کو پاکستانی کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ فن ایلن 4 گیندوں پر 8 رنز بنا کر صائم ایوب، ٹم سیفرٹ ایک گیند پر بغیر کوئی رن بنائے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ول ینگ 8 گیندوں پر 4 رنز بنا سکے، ان کا کیچ محمد نواز نے پکڑا۔

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی خاطر خواہ اسکور نہ کرسکا۔ انہوں نے 63 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد نواز نے بھی 9 گیندوں پر 3 شاندار چھکوں کی بدولت 21 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اوپنر صائم ایوب نے 6 گیندوں پر صرف ایک رن بنایا، وہ میٹ ہینری کی گیند پر ڈیرل مچل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 11 گیندوں پر 19  رنز بنائے، وہ ایڈم ملنے کی گیند پرگلین فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان 15 گیندوں پر 9 رنز اور صاحبزادہ فرحان 2 گیندوں پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، یہ دونوں کھلاڑی لوکی فرگوسن کی گیند پر گلین فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جنہوں نے 14 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور میٹ ہنری کی گیند پر ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی20 میچ کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی اور  وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان پلیئنگ الیون:

شاہین آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، صاحبزادہ فرحان، محمد نواز، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف، زمان خان۔

نیوزی لینڈ پلینگ الیون:

مچل سینٹنر (کپتان)، فن ایلن، ول ینگ، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، ایڈم ملنے، گلین فلپس، مارک چیپ مین، میٹ ہنری، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن۔

 واضح رہے کہ 5 میچز کی ٹی20 سیریز میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کو 4 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp