صدر عارف علوی کے بیٹے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار؟

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر ڈاکٹر عارف علوی کے صاحبزادے اواب علوی نے واضح کیا ہے کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے خلاف جا کر انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور پارٹی کے نامزد کردہ امیدوار خرم شیرزمان کے لیے مہم چلائیں گے۔

صدر مملکت عارف علوی کے فرزند اواب علوی نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 241 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، بعد ازاں تحریک انصاف نے ٹکٹ سابق رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کو دے دیا جس کے بعد ایک بحث چھڑ گئی اور ایک وقت میں ایسا لگا کہ جیسے اواب علوی پارٹی قیادت کے فیصلے کے خلاف جا کر الیکشن میں حصہ لینے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے اواب علوی نے بتایا کہ ’مجھے جو پارٹی قیادت کہے گی، وہی کروں گا۔ پارٹی قیادت نے خرم شیرزمان کو کھڑا کیا ہے تو میں خرم شیرزمان کے لیے ہی مہم چلاؤں گا اور ان کے لیے ووٹ مانگوں گا۔‘

اواب علوی نے بتایا کہ وہ الیکشن نہیں لڑ رہے ہیں اور پی ٹی آئی قیادت کا احترام کرتے ہیں۔

شیر افضل مروت کے بارے میں بھی اواب علوی کا کہنا تھا کہ وہ ان کا بھی احترام کرتے ہیں، صدر مملکت عارف علوی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے بارے میں انہی سے پوچھیں، میں پی ٹی آئی میں ہوں اور رہوں گا، قیادت جو کہے گی وہ کروں گا۔‘

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اواب علوی کو ٹکٹ جاری کیا تھا انہوں نے خرم شیرزمان کے ہمراہ کراچی میں این اے 241 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو الیکشن کمیشن نے مسترد کردیے تھے بعد ازاں الیکشن ٹریبیونل نے بحال کر دیے تھے۔

اواب علوی خبروں کی زینت تب بنے جب پارٹی  نے این اے 241 سے خرم شیر زمان کا نام فائنل کیا اور شیر افضل مروت کا یہ بیان سامنے آیا کہ پاکستان تحریک انصاف سے عارف علوی اور اواب علوی کا پتا صاف کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وی نیوز نے جب افضل شیر افضل سے دریافت کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے امیدوار خرم شیر زمان ہیں۔

اواب علوی نے بھی وی نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ انتخابات کا حصہ صرف اس حد تک ہیں کہ خرم شیر زمان اور پارٹی کے لیے مہم چلائیں گے، اس حوالے سے ان کے والد کو بتایا جا چکا ہے۔ اگر پھر بھی ان کے والد سے متعلق سوالات ہیں تو وہ ان سے ہی پوچھے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp