وزیرستان: بھوکے بھیڑیے 56 مویشی ہڑپ کرگئے، رہائشی فاقوں پر مجبور

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رپورٹ: سعید وزیر

کانیگرم ضلع جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان  ک درمیان بارڈر پر  واقع ہے جہاں 12 کلو میٹر سے زائد رقبے پر جنگلات ہیں۔ یہاں کے لوگ زیادہ تر مال مویشی پالتے ہیں جس سے ان کی دال روٹی کا بندوبست ہوتا ہے۔

برفباری کے پیش نظر نومبر کے مہینے میں کانیگرم کے لوگ گرم علاقوں  کا رخ کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ غیر آباد ہوجاتا ہے۔ شدید ٹھنڈ کے دوران 12 کلومیٹرپر پھیلے جنگل  سے بھیڑیے اور دیگر خونخوار جانور خوراک کی تلاش میں پہاڑوں اتر کر سے آبادی کا رخ کرلیتے ہیں اور مقامی آبادی میں موجود مویشی و دیگر پالتو جانوروں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

کانیگرم سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ روئیداد خان نے وی نیوز کو بتایا کہ یہاں کی زیادہ تر آبادی بھیڑ بکریاں پال کر ہی گزر بسر کرتی ہے۔ گزشتہ 2 مہینوں میں جنگلی بھیڑیے علاقہ مکینوں کے  3 گدھوں سمیت 56 بھیڑ بکریوں اور کئی دیگر جانوروں کو چٹ کر چکے ہیں۔

روئیداد نے بتایا کہ  بھیڑیوں کے حملوں کے سبب خود انہیں بھی لاکھوں روپے کا نقصان ہوا کیوں کہ ایک بکرے کی قیمت 35 ہزار سے 50 ہزار روپے تک تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں بھیڑیے جتھوں کی شکل میں کھلے عام  دندناتے پھرتے ہیں اور گزشتہ برس سے اب تک ان بھیڑیوں نے 100 سے زائد بھیڑ بکریوں کا شکار کیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔کانیگرم کے رہائشی شاہ زمان کا کہنا تھا کہ  ان کی 6 بکریاں بھی بھیڑیوں نے شکار کر لیں جس سے ان کے گھر کا چولہا بجھ گیا۔ شاہ زمان کا کل سرمایہ یہی 6 بکریاں تھیں اور اب ان کے پاس گھر کا خرچ چلانے کا کوئی ذریعہ باقی نہیں بچا۔

علاقے کی کل آبادی 20 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے  جن میں سے بیشتر مویشی پال کر گزارہ کرتے ہیں۔

آپریشن ضرب عضب سے پہلے مقامی لوگوں میں اسلحہ رکھنے کی روایت عام تھی۔ تاہم 15 جون 2014 کو  حکومت نے ان علاقوں میں آپریشن شروع کیا جس کے بعد ان اضلاع میں ہر قسم کے اسلحے پر پاپندی عائد کر دی گئی۔ اب وہاں اپنی جان ومال اورمویشیوں کی حفاظت کے لیے بھی اسلحہ رکھنا ممنوع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp