وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید دھند نے ڈیرے جما دیے، صبح سویرے شدید دھند کے باعث درجہ حرارت بھی 4 ڈگری تک گر چکا تھا۔ دھند کے باعث آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا، اور مختلف ائیرپورٹس کی 19 پروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ 6 پروازیں متبادل ائیرپورٹس پر منتقل کی گئیں۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے مطابق آج اسلام آباد کی 4 غیر ملکی پروازیں کراچی اور لاہور اتاری گئیں، دبئی سے پی کے 134 اور دمام اسلام آباد کی پرواز پی ایف 747 کو ری روٹ کرکے کراچی اتارا گیا۔ پی آئی اے کی شارجہ اسلام آباد کی پرواز پی کے 182 ابوظہبی اسلام آباد کی پرواز پی کے 162، جدہ ملتان پی کے 840 کو لاہور لینڈ کرایا گیا جب کہ دبئی لاہور کی پرواز پی کے 204 کو اسلام آباد میں اتارا گیا۔
مزید پڑھیں
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد گلگت، اسکردو کی 4 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سیالکوٹ بحرین، دبئی کی 4 غیرملکی پروازیں اور لاہور جدہ سعودی ائیر لائن کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ لاہور سے جدہ، دبئی، نجف، کراچی اورریاض کی پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔
اس کے علاوہ دوحہ، دبئی، جدہ بحرین ارومکی کی پروازیں اسلام آباد سے وقت پر اڑان نہ بھرسکیں۔ موسم میں خرابی کی وجہ سے جمعہ کے روز 45 پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں سے 15 متبادل ائیرپورٹس پر اتاری گئیں۔
واضح رہے سال کے پہلے 20 دن میں موسمی خرابی اور دھند کے باعث 535 پروازیں منسوخ اور 125 سے زائد متبادل ائیر پورٹ پر لینڈ کرائی جاچکی ہیں۔