دھند کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول تبدیل، مسافروں کے لیے اہم ہدایات جاری

ہفتہ 20 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے بالائی علاقوں اور اسلام آباد میں شدید دھند کے باعث پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے) کی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی اور بعض پروازیں منسوخ کر دی گئیں، دن 12 بجے بھی حد نگاہ 150 میٹر سے کم رہی جو کہ ایئربس 320 کی پروازوں کے لیے غیر محفوظ ہوتی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد آمد والی پروازیں پی کے 182 شارجہ تا اسلام آباد، پی کے162 ابوظہبی تا اسلام آباد اور پی کے 168القسیم تا اسلام آباد کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا۔ اسی طرح اسکردو کی پرواز پی کے 451/452، دبئی کی پرواز پی کے 211/212، 233 اور کراچی کی پرواز پی کے 308 منسوخ کر دی گئیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دبئی تا لاہور کی پروازیں پی کے 236 منسوخ جبکہ ریاض تا لاہور کی پرواز پی کے 726 کراچی ڈائیورٹ کر دی گئی۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی زحمت کم از کم کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔

’موسم میں بہتری نہ ہونے کے باعث مسافروں کو فوری معلومات فراہم کرنے، متبادل کنکشن دینے اور ہوٹل قیام کا بندوبست ان اقدامات میں شامل ہے‘۔

مسافر پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں، ترجمان

ترجمان نے کہا کہ مسافروں سے بھی التماس ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں، پی آئی اے انتظامیہ اپنے تمام مہمانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایئرپورٹ عملہ ان کی ہر ممکن خدمات میں مشغول ہے۔

ترجمان کے مطابق دھند موسمی عمل ہے اور یہ پی آئی اے کی بساط سے باہر ہے لہٰذا مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ دھند میں پروازیں آپریٹ کرنے پر اصرار نہ کریں، فضائی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا کہ تاخیر یا منسوخی کی کوفت ضرور ہے مگر انسانی جانوں سے اہم نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp