الیکشن کمیشن کے تربیتی پروگرام سے غیر حاضر اسٹاف کے خلاف انضباطی کارروائی کا اعلان

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ عملے کی تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے عملے اور اسٹاف کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پولنگ عملے کی تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے عملے اور اسٹاف کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے تمام چیف سیکریٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پولنگ اسٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے ملازمین کو فوری معطل کر کے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں سول بیوروکریسی سے 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 859 ریٹرننگ افسران تعینات کیے ہیں جو کمیشن کی زیر نگرانی صاف و شفاف الیکشن کروانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے دی جانے والی تربیت کے لیے 184 صفحات پر مشتمل خصوصی کتابچہ تیار کیا گیا ہے، کمیشن کے ایلیٹ ٹرینرز تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کتابچے کی روشنی میں تربیت دینے کے پابند ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp