پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جن کی 10 سال تک خیبرپختونخوا میں حکومت رہی، انہوں نے اس صوبے کے لیے کیا کیا؟ ظالموں نے پاکستان کا ستیا ناس کردیا، میرے دور حکومت میں مہنگائی نہیں تھی۔
سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کتنے برسوں کے بعد مانسہرہ آیا ہوں، آپ بھی نواز شریف کے بغیر اداس ہوئے ہوں گے، نواز شریف آپ سے زیادہ اداس ہوا۔ لوگوں نے نواز شریف کو آپ سے کتنا دور کردیا، کبھی جیل میں ڈالا، کبھی لندن بھیجا، کبھی کہاں اور کبھی کہاں۔ آج 10 برسوں بعد دوبارہ آپ سے مل کر خوشی ہوئی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ مانسہرہ میں آج ہیلی کاپٹر سے آیا ہوں اور گاڑی میں گھوما ہوں، یہاں کچھ نہیں بدلا ہے، مانسہرہ وہی 40 سال پہلا والا ہے، 10 سال جن کی حکومت خیبرپختونخوا میں رہی ہے، انہوں نے خیبرپختونخوا اور مانسہرہ میں کیا کیا؟
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ میں یہاں آج وزیراعظم بننے کے لیے نہیں آیا، یہاں الیکشن لڑنے کے لیے آیا ہوں، مریم یہاں الیکشن لڑنے کے لیے نہیں آئی، مریم نے مجھے کہا کہ مانسہرہ جلسے میں ضرور آپ کے ساتھ جانا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ مانسہرہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 10 سال یہاں جس کی حکومت رہی ہے انہوں نے یہاں کیا بنایا۔ پچھلی حکومت نے خیبرپختونخوا میں تباہی لائی۔
نوازشریف نے کہا کہ موٹر وے جا کر دیکھو وہاں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی، جب موٹروے مکمل ہوئی تو میں جیل میں تھا، ہماری حکومت رہتی تو یہاں ایئرپورٹ قائم ہوچکا ہوتا، اور میرپور سے منگلا ڈیم تک موٹروے ہوتی، ہمارےدور میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، ن لیگ کے دور میں ہر شخص کے پاس روزگار تھا۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ملک میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، ان ظالموں نے ہماری چلتی ہوئی حکومت کو گھر بھیجا، ان ظالموں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، مانسہرہ والو آپ اس کی جھوٹی باتوں میں کیوں آئے، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں یہاں کراچی سے مانسہرہ ٹرین چلے گی، مانسہرہ والی موٹروے بالاکوٹ اور گلگت تک جائے گی، میری حکومت ہوتی تو مانسہرہ کا کوئی نوجوان بیروزگار نہ رہتا، ہماری حکومت بنتی ہے تو آپ کو سستی اشیا مہیا کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر 5 ججز نواز شریف کو نہ نکالتے تو مانسہرہ آج خوبصورت ترین شہر ہوتا اور عین ممکن ہے کہ یہاں آج میٹرو بس چل رہی ہوتی اور اسلام آباد سے مانسہرہ اور مانسہرہ سے مظفرآباد ایک خوبصورت ٹرین چل رہی ہوتی۔ موجودہ حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہو رہی۔
نوازشریف نے کہا کہ ہم خود شہریوں کو کمپیوٹر مہیا کریں گے، میں نے کراچی تک موٹروے بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا، یہ منصوبہ کراچی سے سکھر تک آ کر رک گیا، پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹروے نہیں بنائی، یہ کتنا بڑا ظلم ہے، ہم نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، گیس سستی کیا، لوگوں کو روزگار دیا اور پاکستان میں جگہ جگہ میٹرو بس بنائی۔