پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام مجھے ایک موقع دے دیں تو میں ملک اور عوام کی قسمت بدل دوں گا۔
ساہیوال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو اگر نفرت اور تقسیم کی سیاست چاہیے تو پھر شیر کو ووٹ دیں لیکن اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ملک کی قسمت بدلنی ہے اور نئی قیادت کو سامنے لانا ہے تو پھر تیر پر مہر لگائیں۔
انہوں نے کہاکہ میں قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید کے نامکمل مشن کو مکمل کروں گا جس کے لیے عوام کے ساتھ کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو تمام مسائل کا مقابلہ کر سکتی ہے، ہمارے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنے کے لیے یہ الیکشن لڑ رہا ہوں، بھٹو اور بینظیر کے نظریے پر عمل کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ اس وقت ملک میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری جانب بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے، ہم اس نفرت کو ختم کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ساہیوال جلسہ گاہ پہنچنے پر عوام کی جانب سے والہانہ استقبال@BBhuttoZardari #چنو_نئی_سوچ_کو pic.twitter.com/kuYdrfMk3f
— PPP (@MediaCellPPP) January 22, 2024
انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، اس سے قبل جب پیپلزپارٹی کو حکومت ملی تو بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام شروع کیا تھا، اب دوبارہ موقع ملا تو اس میں اضافہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں اقتدار ملا تو 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک کے تمام مکاتب فکر کے مسائل حل کریں گے، ہم کسانوں کے لیے کسان کارڈ لے کر آئیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم اپنے محنت کشوں اور مزدوروں کے لیے بھی مزدور کارڈ لے کر آئیں گے تاکہ ان کو حق مل سکے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو بھی یوتھ کارڈ دیں تاکہ روزگار ملنے تک ان کی مدد ہو سکے۔
تعلیم اور صحت کی سہولیات دہلیز پر مہیا کریں گے
انہوں نے کہاکہ ہم حکومت میں آکر صحت اور تعلیم کی سہولیات دہلیز پر مہیا کریں گے، ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس بنائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ کراچی میں دل کا سب سے بڑا اسپتال ہے جہاں بالکل فری علاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گالم گلوچ اور ذاتی دشمنی کی سیاست نہ کریں۔