پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے علاوہ ساری سیاسی جماعتیں خلائی مخلوق کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
کوٹ ادو میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ عام انتخابات میں مقابلہ صرف 2 جماعتوں کے درمیان ہے، عوام تیر پر مہر لگائیں تاکہ سازش کا راستہ روکا جا سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدے کے حق میں کوٹ ادو کی غیور عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، آئیں ملکر کر 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے میں ہمارا ساتھ دیں۔@BBhuttoZardari #چنو_نئی_سوچ_کو pic.twitter.com/7Wi2MIbIfe
— PPP (@MediaCellPPP) January 20, 2024
انہوں نے کہاکہ ہماری مدمقابل جماعت 4 بار وزارت عظمیٰ سنبھال چکی ہے اس لیے عوام تیر پر مہر لگا کر ان کا راستہ روکیں، پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو اشرافیہ کے بجائے عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت میں ملک سیکیورٹی کے مسائل کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم سب مل کر پاکستان کے تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو حکومت میں آکر عام آدمی کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم حکومت میں آکر 300 یونٹ تک فری بجلی دینے کے علاوہ 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے جن کے مالکانہ حقوق خواتین کے پاس ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔ اس کے علاوہ کسان اور مزدور کارڈ دیں گے۔
تمام وعدوں پر عملدرآمد کریں گے
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ قائدعوام نے روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کر کے دکھایا، ہم بھی تمام وعدوں پر عمل کریں گے۔
“میں نے اپنے منشور میں نوجوانوں کیلئے انقلابی پروگرام کا وعدہ کیا ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے تاکہ وہ غریب ترین نوجوان جو روزگار کی تلاش میں ہیں انہیں مالی مدد پہنچائی جاسکے، جبکہ ہر ضلع میں یوتھ مرکز بنایا جائے گا۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری… pic.twitter.com/MRWFW0BDWt— PPP (@MediaCellPPP) January 20, 2024
انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت بنے گی تو عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے ہر ضلع میں یوتھ مرکز بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے اور انہیں ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دیں گے۔
یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، پورے ملک میں کہیں پر بھی کسی کو بھوکا نہیں سونا چاہیے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے کا سنا تھا مگر میں لاہور کے جس حلقے سے الیکشن لڑ رہا ہوں وہاں پر پینے کا صاف پانی تک بھی میسر نہیں۔