چاند پر اترنے کی نئی عالمی دوڑ کیوں شروع ہوئی؟ وجہ سامنے آ گئی

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان حال ہی میں چاند کی سطح پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ مکمل کرنے والا 5 واں ملک بن گیا ہے اس کامیابی کے بعد جاپان چاند پر قدم رکھنے والے ممالک امریکا، روس، چین اور بھارت کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اگلے چند سالوں میں چاند پر قدم رکھنے والے ممالک کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔

یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق توقع ہے کہ  2030 ء تک دنیا بھر سے چاند پر جانے کے لیے 100 سے زیادہ مشنز تیار ہیں جن میں نجی کمپنیوں کے علاوہ حکومتیں بھی شامل ہیں۔

یہ تمام ممالک چاند پر جانے کے خواہشمند کیوں ہیں؟

یونیورسٹی آف مسیسیپی کے سینٹر فار ایئر اینڈ اسپیس لا کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مشیل ہینلون کا کہنا ہے کہ  ’ چاند پر رہنا ممکن ہو سکتا ہے۔ ’انسان کو خلا میں رہنے کا طریقہ سیکھنے کے لیے چاند پر جانے کی ضرورت ہے، تاکہ خلا میں پائے جانے والے قدرتی وسائل کو استعمال کرنے کا طریقہ سیکھ سکے اور یہ واقعی کائنات کی تمام وسیع دولت حاصل کرنے کے لیے ایک قدم کے طور پر ہے‘۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ممالک اور کمپنیاں جس دولت کی تلاش میں ہیں، ان میں نایاب زمینی دھاتیں اور آئسوٹوپ ہیلیئم 3 شامل ہیں، جو زمین پر نایاب ہونے کے باوجود چاند پر وافر مقدار میں موجود ہیں اور نظریاتی طور پر نیوکلیئر فیوژن ری ایکٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

مشیل ہینلون کا کہنا ہے کہ ہم ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہو گا۔ اس کے بارے میں بہت سارے نظریات ہیں، لیکن ایک بار جب ہمیں یہ پتہ چل جائے گا، تو چاند پر موجود ہیلیئم -3 صدیوں تک پوری زمین کو توانائی فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ چاند پر دیگر اہم قدرتی وسائل کی موجودگی کا بھی انکشاف ہو چکا ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے یہ ممالک دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور وہ ہے ’پانی‘  انسانی بقا کے لیے اہم ہونے کے علاوہ پانی کو راکٹ ایندھن بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ چاند ایک دن راکٹوں کے لیے ایندھن بھرنے والا اسٹیشن اور خلائی تحقیق کے لیے اسپرنگ بورڈ بن سکتا ہے۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں چین پروگرام کے سینیئر مشیر ڈین چینگ نے کہاکہ ’ جو بھی ملک چاند پر نمایاں طور پر قدم رکھنے میں کامیاب ہو گا وہ اپنے سیاسی، معاشی نظام کے علاوہ جغرافیائی سیاسی مسابقت میں بھی آگے بڑھنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات تو یقینی  ہے کہ چاند پر اہم قدرتی وسائل موجود ہیں جو زمین کے لیے انتہائی مفید ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp