این اے 119: مریم نواز کے پہلے الیکشن کے لیے حنا پرویز مہم کیسے چلا رہی ہیں؟

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کے حلقہ این اے 119 سے مسلم لیگ ن  کی سینئر نائب صدر مریم نواز الیکشن لڑ رہی ہیں، ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے افتخار شاہد اور پی ٹی آئی کے شہزاد فاروق ہوں گے، مریم نواز کی جانب سے پارٹی کے دیگر لوگ بھی اس حلقے میں انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں لیکن حنا پرویز بٹ نے یہ محاذ اکیلے ہی سنبھالا ہوا ہے اور گھر گھر جاکر مریم نواز کا پیغام حلقے کی عوام تک پہنچا رہی ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں پر انتخابی مہم کی جارہی ہے، مریم نواز اس حلقے میں اور پورے پاکستان میں خواتین کی فلاح بہود کے لیے کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ ’یہی پیغام لیکر ہم حلقے کی عوام کے پاس جارہے ہیں اور لوگ مریم نواز کو بھر پور طریقے سے خوش آمدید کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

حنا پرویز بٹ کے مطابق مریم نواز خدمت کے عزم کے ساتھ میدان میں نکلی ہیں اور ان کا یہ مقصد ضرور پورا ہوگا، یہ حلقہ ن لیگ کا گڑھ رہا ہے یہاں سے 2018 میں علی پرویز کامیاب ہوئے تھے اس وقت یہ حلقہ این اے 127 تھا، 2013 میں بھی پرویز ملک یہاں سے کامیاب ہوئے تھے، ہمیشہ یہاں سے ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی  رہی ہے۔

لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ ہم تو پہلے ہی ن لیگ کے ووٹر ہیں یہاں پر مہم نہ بھی کریں تو ن لیگ کامیاب ہوگی، حنا پرویز (فائل فوٹو)

مریم نواز کے مد مقابل امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی؟

لاہور کے حلقہ این اے 119 میں کوٹ خواجہ سعید، سنگھ پورہ  کا کچھ حصہ، بھگت پورہ،  گڑھی شاہو، شاد باغ  کا کچھ حصہ، مومن پورہ، محمود بوٹی، لکھو ڈیرہ، درس بڑے میاں، مغل پورہ، سکھ نہر، گجر پورہ اور چائنا اسیکم جیسے علاقے شامل ہیں۔

حنا پرویز بٹ کے مطابق اس حلقے میں جتنے بھی فلاحی و ترقیاتی کام کیے گئے ہیں وہ ن لیگ کے دور میں ہی ممکن بنائے گئے، حنا پرویز بٹ نے وی نیوز کو بتایا کہ وہ کئی روز سے اس حلقے میں انتخابی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ’ہم جس گھر میں بھی جاتے ہیں آگے سے لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ ہم تو پہلے سے ہی ن لیگ کے ووٹر ہیں یہاں پر مہم نہ بھی کریں تو ن لیگ کامیاب ہوجائے گی۔‘

حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ اس حلقے سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار نے ابھی تک کسی قسم کی انتخابی مہم نہیں شروع کی لیکن مریم نواز کا اسٹکر ہر گھر کے دروازے پر لگا ہوا ہے کیونکہ یہاں کے باسی نواز شریف اور مریم نواز کے دیوانے ہیں۔

اسکول ،کالجز میں بھی جاکر نوجوانوں کو بتایا ہے کہ پاکستان کی تقدیر اگر کوئی بدل سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں، حنا پرویز بٹ (فائل فوٹو)

’میں بھی پہلی دفعہ کسی انتخابی مہم میں نکلی ہوں لیکن لوگوں کی جو محبت ملی ہے وہ ناقابل بیان ہے، جس طرح کی مہم ہم نے یہاں پر کی ہے مجھے امید ہے کہ مریم نواز کے مد مقابل جتنے بھی امیدوار ہیں ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔‘

مریم نواز جیت کر اس حلقے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گی

حنا پرویز بٹ نے وی نیوز کو بتایا کہ مریم نواز کی انتخابی مہم کے دوران متعلقہ علاقوں میں سامنے آنیوالے مسائل نوٹ کر لیے گئے ہیں۔ ’بعض مسائل فی الفور حل کروانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ بعض مریم نواز کے اقتدار میں آنے کے بعد حل کیے جائیں گے۔‘

اس حلقے میں پارٹی کے مختلف دفاتر بھی کھولے گئے ہیں، 25 جنوری کو این اے 119 میں مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب میں مریم نواز شرکت کریں گی۔ ’مسلم لیگ یوتھ کے ارکان ان کا استقبال کریں گے، نوجوانوں کو متحرک کرنے میں ہم نے دن رات ایک کیا ہوا ہے، اسکول ،کالجز میں بھی جاکر نوجوانوں کو بتایا ہے کہ پاکستان کی تقدیر اگر کوئی بدل سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp